اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے کادوگلی سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے امن دستوں پر ہونے والے بہیمانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں اقوامِ متحدہ کی عبوری سلامتی فورس برائے ابیے (یو این آئی ایس ایف اے)کے تحت خدمات انجام دینے والے بنگلہ دیش کے چھ امن اہلکار شہید جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔پیر کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق …
پاکستان کی کادوگلی میں اقوامِ متحدہ کے امن دستوں پر حملے کی شدید مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے کادوگلی سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے امن دستوں پر ہونے والے بہیمانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں اقوامِ متحدہ کی عبوری سلامتی فورس برائے ابیے (یو این آئی ایس ایف اے)کے تحت خدمات انجام دینے والے بنگلہ دیش کے چھ امن اہلکار شہید جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔پیر کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اس المناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر حکومتِ بنگلہ دیش اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت اور اس کٹھن گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے امن دستے تنازعات کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے امن کے قیام کے لیے عالمی کوششوں میں صفِ اول میں کردار ادا کر رہے ہیں،ہم ان نیلے ہیلمٹ پہننے والے امن اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اس بزدلانہ حملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ ذمہ داروں کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔بیان میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر اقوامِ متحدہ کے تمام امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی یقینی بنانے کے لیے اپنا تعاون جاری ر کھے گا۔








