پاکستان کے ابوبکر طلحہ اورحمزہ رومان نے آئی ٹی ایف جے-60 ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ٹریٹ آئی ٹی ایف پاکستان سید دلاور عباس میموریل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ (J-60، لیگ-3) کامیابی کے ساتھ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی ہے۔
پاکستان کے ابوبکر طلحہ اورحمزہ رومان نے آئی ٹی ایف جے-60 ڈبلز ٹائٹل جیت لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):پاکستان کے ابوبکر طلحہ اورحمزہ رومان نے آئی ٹی ایف جے-60 ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ٹریٹ آئی ٹی ایف پاکستان سید دلاور عباس میموریل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ (J-60، لیگ-3) کامیابی کے ساتھ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی ہے۔ چیمپئن شپ میں 16 ممالک سے تعلق رکھنے والے 24 بوائز اور 20 گرلز کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں پاکستان،قازقستان، سنگاپور، جاپان، چین، آسٹریلیا، روس، پولینڈ، جنوبی کوریا، سری لنکا، امریکہ، بنگلہ دیش، ملائیشیا، ہانگ کانگ، نیدرلینڈز اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔یہ ایونٹ ہر سال مرحوم سینیٹر سید دلاور عباس کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے، جو 2001 سے 2009 تک پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر رہے۔
یہ چیمپئن شپ ان کی خدمات، شوق اور پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے ان کی گرانقدر کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔اس ایونٹ کو فیصل موورز، بک کرو، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، نڈیور اور سینجینٹا کی جانب سے اسپانسر کیا گیا۔بوائز ڈبلز فائنل میں پاکستان کے ابوبکر طلحہ اور حمزہ رومان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگاپور کے لیوک جی ژی ہو اور پاکستان کے میکائیل علی بیگ کو 6-1، 6-0 سے شکست دے کر آئی ٹی ایف جے-60 ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کیا۔
گرلز ڈبلز فائنل میں کوریا کی یرین لم اور چین کی ژیو ژو نے جاپان کی کیکو اوکیویا ما اور چین کی زیہان فینگ کو 6-3، 1-6، (12-10) سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔اختتامی تقریب میں طارق محمود مرتضیٰ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ صدر پی ٹی ایف اعصام الحق قریشی مہمانِ اعزاز تھے۔ انہوں نے فاتحین اور رنرز اپ میں انعامات تقسیم کیے۔تقریب میں سید علی مرتضیٰ، مجید بشیر، جناب طفیل چیمہ، کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل، سعید احمد خان اور سید احسن زیدی کے علاوہ کھلاڑیوں، کوچز، والدین اور ٹینس کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔آئی ٹی ایف مینز فیوچرز M-15 (لیگ-1) ٹورنامنٹ کل اتوار کو اسی مقام پر شروع ہوگا جس کے مقابلے صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔








