پاکستان کے محمدشعیب نے آئی ٹی ایف فیوچرز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا
پاکستان کے محمدشعیب نے آئی ٹی ایف فیوچرز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):پاکستان کے ابھرتے ہوئے ٹینس سٹار محمدشعیب نے تاریخ رقم کرتے ہوئے آئی ٹی ایف فیوچرز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ فلیئر ٹریول آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ایم-15 چیمپئن شپ 2026 (مرحوم خواجہ افتخار احمد کی یاد میں) کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔ایک سنسنی خیز فائنل میں پاکستان کے محمد شعیب نے روس کے نکیتا ایانن کو 7-6(7)، 4-6، 6-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ شائقین کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ میچ دیکھا۔
یہ شاندار کامیابی 20 سالہ طویل انتظار کا خاتمہ ہے۔اعصام الحق قریشی اور عقیل خان کے بعد محمد شعیب آئی ٹی ایف فیوچرز سنگلز ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔یہ فتح پاکستان ٹینس کے لیے قابلِ فخر لمحہ اور بین الاقوامی سطح پر مقامی ٹیلنٹ کی بڑھتی صلاحیتوں کی عکاسی ہے۔اس بین الاقوامی ایونٹ میں 23 ممالک کے 70 کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں پاکستان، کویت، روس، ازبکستان، سویڈن، آسٹریا، ملائیشیا، برطانیہ، اٹلی، لتھوانیا، چین، ترکی، الجیریا، کینیڈا، امریکا، آئرلینڈ، پولینڈ، ہانگ کانگ، نیپال، یونان، سعودی عرب، لبنان اور جاپان شامل ہیں۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑی محمد شعیب نے کہا کہ میں اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے اپنے ملک کا نام روشن کرنے کا موقع دیا، یہ شاندار فائنل تھا، ان شاء اللہ میں اپنی اس کارکردگی کو برقرار رکھوں گا۔انہوں نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری جنرل کا مسلسل تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل پی ٹی ایف ضیاء الدین طفیل سمیت پوری انتظامیہ نے محمد شعیب کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔اعصام الحق قریشی نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ میرے اور عقیل خان کے بعد طویل عرصے کے بعدمحمد شعیب نے ہوم گراؤنڈ پر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ فیڈریشن کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے اور یہ نتائج اسی محنت کا ثمر ہیں۔
پاکستان میں بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد سے ہمارے کھلاڑیوں کو اے ٹی پی پوائنٹس حاصل کرنے کے مواقع مل رہے ہیں اور اب اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ میرے لیے بہت خاص ہے کیونکہ یہ میرے مرحوم دادا خواجہ افتخار احمد کی یاد میں منعقد کیا گیا۔ مجھے خاص خوشی ہے کہ سنگلز اور ڈبلز دونوں ٹائٹلز پاکستانی کھلاڑیوں نے جیتے جس سے اس کامیابی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ۔
اعصام الحق قریشی اور ضیاء الدین طفیل نے تمام سپانسرز، میڈیا پارٹنرز، پی ٹی وی سپورٹس، مائیکو، جیو سپر اور اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔یہ بھی اطلاع دی جاتی ہے کہ میکڈونلڈز پاکستان آئی ٹی ایف چیمپئن شپ 2026 اتوار سے کوالیفائنگ راؤنڈز کے ساتھ شروع ہو چکی ہے جبکہ مین ڈرا کے میچز 5 مئی 2026 سے اسی مقام پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔








