پاکستان کے نور زمان نے کینیڈا میں نیش کپ سکواش 2025 کا ٹائٹل جیت لیا

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستان کے نوجوان سکواش کھلاڑی نور زمان نے کینیڈا میں ہونے والا نیش کپ سکواش 2025 جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا۔پاکستان سکواش فیڈریشن (پی ایس ایف)کے مطابق فائنل میچ میں نور زمان نے مصر کے کھلاڑی مصطفی السیرتی کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-3 سیٹس سے شکست دی۔21 سالہ نور زمان جو پشاور سے تعلق رکھتے ہیں اور پاکستان کے نامور …

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستان کے نوجوان سکواش کھلاڑی نور زمان نے کینیڈا میں ہونے والا نیش کپ سکواش 2025 جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا۔پاکستان سکواش فیڈریشن (پی ایس ایف)کے مطابق فائنل میچ میں نور زمان نے مصر کے کھلاڑی مصطفی السیرتی کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-3 سیٹس سے شکست دی۔21 سالہ نور زمان جو پشاور سے تعلق رکھتے ہیں اور پاکستان کے نامور سکواش خاندان کی تیسری نسل سے ہیں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 52 منٹ پر مشتمل ایک سنسنی خیز مقابلے میں 17-19، 7-11، اور 9-11 سے فتح حاصل کی۔ پاکستان کے نور زمان ٹورنامنٹ میں ففتھ سیڈڈ کھلاڑی تھے۔

پاکستان سکواش فیڈریشن (پی ایس ایف )کے مطابق نور زمان نے پورے ٹورنامنٹ میں مہارت، قوت برداشت اور اعصاب پر قابو پاکر زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سیمی فائنل میں انہوں نے کولمبیا کے میتیاس کنیڈسن کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔نور زمان کے علاوہ ایک اور پاکستان کے نوجوان کھلاڑی محمد اشعب عرفان نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، جو پاکستان میں سکواش کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی واضح علامت ہے۔

نور زمان، جو برٹش اوپن چیمپئن اور سکواش لیجنڈ قمر زمان کے پوتے ہیں، بین الاقوامی سطح پر مسلسل متاثر کن کارکردگی کے ذریعے اپنے خاندان کی سکواش میراث کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان کی یہ جیت نہ صرف ان کے کیریئر کا ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ پاکستان کے سکواش میں دوبارہ عالمی مقام حاصل کرنے کی امیدوں کو بھی جلا بخشتی ہے۔پاکستان سکواش فیڈریشن نے نور کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نور زمان کو اس شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد! آپ نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔