پاکستان گورننس فورم 2026 کا انعقاد مستقبل کی معاشی ترقی کے لیے قابل عمل اور نتیجہ خیز حل تلاش کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے، احسن اقبال

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم 2026 کا انعقاد مستقبل کی معاشی ترقی کے لیے قابل عمل اور نتیجہ خیز حل تلاش کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے، مباحثوں، ماہرین کی آراء اور پالیسی مکالمے کے بعد ایسے اقدامات تجویز کیے جا رہے ہیں جو ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن …

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم 2026 کا انعقاد مستقبل کی معاشی ترقی کے لیے قابل عمل اور نتیجہ خیز حل تلاش کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے، مباحثوں، ماہرین کی آراء اور پالیسی مکالمے کے بعد ایسے اقدامات تجویز کیے جا رہے ہیں جو ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان گورننس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا موضوع “Reimagining Governance for URAAN Pakistan” ہے۔ فورم میں وفاقی و صوبائی نمائندگان، پالیسی ماہرین، نجی شعبے کے قائدین اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اچھی حکمرانی واضح اہداف کے تعین اور ان کے حصول کے لیے عملی اقدامات سے تشکیل پاتی ہے۔

گڈ گورننس کا نظام میرٹ، شفافیت اور عوامی فلاح پر مبنی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی کارکردگی میں بہتری اور پالیسیوں کے تسلسل سے ہی ترقی کا سفر ممکن ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ اڑان پاکستان کا آغاز بھی اسی وژن کے تحت کیا گیا ہے جو ملکی معیشت کی بحالی اور اسے پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں حکومت نے موثر معاشی پالیسیوں کے ذریعے ملک کو دیوالیہ پن کے خطرے سے نکالا اور معاشی استحکام کی بنیاد رکھی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر اصلاحات کے ایجنڈے کو مکمل صلاحیت اور مثبت قومی ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تو پاکستان 2035ء تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسیوں کے تسلسل، ادارہ جاتی اصلاحات اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے پاکستان کو خطے میں ایک مضبوط اور مسابقتی معیشت بنایا جا سکتا ہے۔