پاکستان ہاکی فیڈریشن کا جونیئر ٹیموں کے لیے لازمی میڈیکل سکریننگ اور اینٹی ڈوپنگ آگاہی پروگرام کا اعلان

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا جونیئر ٹیموں کے لیے لازمی میڈیکل سکریننگ اور اینٹی ڈوپنگ آگاہی پروگرام کا اعلان

لاہور۔23اپریل (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ٹیموں کے لیے لازمی میڈیکل سکریننگ اور اینٹی ڈوپنگ آگاہی پروگرام کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بین الاقوامی جونیئر مقابلوں سے قبل شفافیت اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے 2 بڑے پالیسی اقدامات کا اعلان کیا ہے جن میں میڈیکل سکریننگ اور اینٹی ڈوپنگ شامل ہیں۔ تمام ممکنہ کھلاڑیوں کے لیے لازمی میڈیکل سکریننگ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد عمر کی تصدیق کے بین الاقوامی معیار پر پورا اترنا اور عالمی مقابلوں میں صرف اہل کھلاڑیوں کی شمولیت یقینی بنانا ہے تاکہ کھیل کی ساکھ برقرار رہے۔

پی ایچ ایف جونیئر اور سینئر قومی ٹیموں کے لیے ملک گیر سطح پر اینٹی ڈوپنگ آگاہی پروگرام شروع کرے گی۔ تمام غیر ملکی دوروں سے قبل تعلیمی سیمینارز منعقد کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو عالمی قوانین کے تحت ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جا سکے۔جونیئر کھلاڑیوں کی طبعی دیکھ بھال کا مقصد کھیل کے میدان کے اندر اور باہر ان کا تحفظ ہے۔ میڈیکل سکریننگ اور اینٹی ڈوپنگ تعلیم اب پاکستان ہاکی کے بنیادی ستون ہیں، ہم نچلی سطح سے ہی دیانتداری اور اخلاقیات پر مبنی کلچر تشکیل دے رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ان اقدامات کو اب پاکستان کے تمام ہاکی مراکز میں مستقل بنیاد پر نافذ کیا جائے گا۔