پاکستان ہاکی ٹیم 20ویں ایشین گیمز آئیچی ناگویا 2026 کے مینز ہاکی ایونٹ کے پول بی کے اہم میچ میں عمان کو 2 کے مقابلے میں7 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔
پاکستان ہاکی ٹیم کا عمان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی

مزید خبریں
لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم 20ویں ایشین گیمز آئیچی ناگویا 2026 کے مینز ہاکی ایونٹ کے پول بی کے اہم میچ میں عمان کو 2 کے مقابلے میں7 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔ میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے عمان کی دفاعی لائن پر مسلسل دبائو برقرار رکھا۔ پاکستان کے کھلاڑیوں نے شاندار فیلڈ گولز اور پینلٹی کارنرز کو گولز میں تبدیل کرتے ہوئے میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے شاندار ہیٹ ٹرک سکور کی۔
انہوں نے 34 ویں، 44 ویں اور 59 ویں منٹ میں گول کیے، جبکہ سفیان خان نے 22ویں اور 28ویں منٹ میں پینلٹی کارنرز کے ذریعے 2 گول داغے۔ غضنفر علی نے 40ویں منٹ میں جبکہ محمد عماد نے 46ویں منٹ میں ایک، ایک گول سکور کیا۔عمان کی جانب سے البرا النوفلی نے 28ویں جبکہ مدیت ایمن نے 36ویں منٹ میں ایک، ایک گول کیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم سیمی فائنل میں بھی اسی جذبے، تسلسل اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کا سفر جاری رکھے گی۔







