وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان امریکہ بزنس کونسل کی طرف سے راؤنڈ ٹیبل ظہرانہ میں شرکت

99

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پاکستان ہمہ جہت اور پائیدار معاشی ترقی کے لئے کوشاں ہے جس کے ثمرات کمزور طبقے تک پہنچ سکیں، ایف بی آر نے ما لی سال 2021-22کی پہلی سہ ماہی میں اپنے ہدف سے تقریباً 180بلین روپے سے زائد محصولات وصول کئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان امریکا بزنس کونسل(USPBC) کی طرف سے راؤنڈ ٹیبل ظہرانے میں کیا۔ یو ایس چیمبر آف کامرس،معروف امریکی بزنس انٹر پرائززکے نمائندگان کے علاوہ گورنرسٹیٹ بینک رضا باقر،سیکریٹری فنانس یوسف خان اور امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر اسدمجید خان نے بھی شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہمہ جہت اور پائیدار معاشی ترقی کے لئے کوشاں ہے جس کے ثمرات کمزور طبقے تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہاکہ ایف بی آر نے ما لی سال 2021-22کی پہلی سہ ماہی میں اپنے ہدف سے تقریباً 180بلین روپے سے زائد محصولات وصول کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح برآمدات بھی اس سال کے آخر تک 30بلین ڈالر سے تجاوز کرجائیں گی اور زر مبادلہ کے ذخائر بھی پہلی سہ ماہی میں 8بلین ڈالر ہیں ،

تمام اعشاریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے امید ہے کہ رواں مالی سال میں GDP گروتھ 5فیصد تک ہو گی۔وزیر خزانہ نے امریکی کمپنیوں کواسپیشل اکنامک زونز(SEZs)میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔