پاکستان ہینڈ بال ٹیم چھٹے ایشین بیچ گیمز کے لیے روانہ

پاکستان کی ہینڈبال ٹیم چھٹے ایشین بیچ گیمز میں شرکت کے لیے ہفتہ کی رات روانہ ہو گئی جبکہ کبڈی ٹیم کل پیر کو چین کے شہر سانیا کے لیے روانہ ہوگی۔یہ میگا ایونٹ 22 سے 30 اپریل تک چین میں منعقد ہوگاجس میں پاکستان کا 38 رکنی دستہ ایتھلیٹکس

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):پاکستان کی ہینڈبال ٹیم چھٹے ایشین بیچ گیمز میں شرکت کے لیے ہفتہ کی رات روانہ ہو گئی جبکہ کبڈی ٹیم کل پیر کو چین کے شہر سانیا کے لیے روانہ ہوگی۔یہ میگا ایونٹ 22 سے 30 اپریل تک چین میں منعقد ہوگاجس میں پاکستان کا 38 رکنی دستہ ایتھلیٹکس، ہینڈبال، جوجِتسو، کبڈی اور ریسلنگ کے مقابلوں میں حصہ لے گا۔ہینڈبال ٹیم کوچ اظہر الحق کی قیادت میں روانہ ہوئی، جس میں مدثر شہزاد، کاشف علی، آصف علی سینئر، آصف علی جونیئر، عمران خان، حضرت حسین، شاہد بشیر، معاذ علی، احمد حسن بیگ اور محمد صائم شامل ہیں۔ پاکستان کی بیچ ہینڈبال ٹیم ایشین بیچ گیمز میں شاندار کارکردگی کی روایت رکھتی ہے اور اس بار بھی عمدہ نتائج کی امید کی جا رہی ہے۔دوسری جانب دفاعی چیمپئن کبڈی ٹیم بھی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

ٹیم کی قیادت کاشف رزاق کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فرحان علی، عثمان احمد، محمد زوہیب نیاز، محمد جمشید اور وقار علی شامل ہیں۔ راحت مقصود علی اور بادشاہ گل ٹیم کے کوچز ہیں۔پاکستان سپورٹس بورڈ نے دستے کے 30 ارکان کے اخراجات برداشت کیے ہیں جبکہ باقی کھلاڑیوں کو متعلقہ نیشنل سپورٹس فیڈریشنز اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے معاونت فراہم کی گئی ہے۔ ایشین بیچ گیمز پاکستانی ایتھلیٹس کے لیے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ایشیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف مقابلہ کرنے کا اہم موقع فراہم کرتے ہیں۔