پاک بحریہ نے سمندرو ں کا عالمی دن نہایت جوش و خروش سے منایا

94

اسلام آباد ۔ 8 جون (اے پی پی) پاک بحریہ نے سمندرو ں کا عالمی دن نہایت جوش و خروش سے منایا، جس کا بنیادی مقصد سمندروں کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بقاءاور تحفظ کے لئے آگہی پیدا کرنا تھا۔ سمندروں کا عالمی دن ہر سال 8 جون کو اقوام متحدہ کے زیر انتظام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد سمندروں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور سمندروں اور ان میں موجود وسائل کے دیرپا استعمال سے متعلق آگہی پیدا کرنا ہے۔ سمندر کرہءارض کے دو تہائی حصے پر پھیلے ہوئے ہیں اور ہمارے سانس لینے کے لئے 70 فیصد آکسیجن سمندر ہی فراہم کرتے ہیں۔ سمندر ،حیات انسانی کے لئے بنیادی ضروریات میں سے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق رواں سال سمندروں کے عالمی دن کے لئے”جنس اور سمندر“ کا موضوع منتخب کیا گیا۔ یہ موضوع سمندروں اور انسانی صنف کا تعلق جانچنے کا ایک منفرد موقع ہے،اگرچہ ہماری افرادی قوت کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے مگر سمندر سے متعلق شعبہ جات میں ان کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔ پاک بحریہ میری ٹائم سیکٹر کا ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہونے کے ناطے سمندر سے متعلق شعبہ جات جن میں میرین سائنٹیفک ریسرچ، فیشریز، اوشنوگرافی اورمیرین پالیسی اور مینیجمنٹ میںصنفی مساوات خصوصا خواتین کے کردار کے حوالے سے آگہی میں اہم کردار ادا کرر ہی ہے ۔