پاک بحریہ کیلئے تیار کیے جانے والے جدید ترین جنگی بحری جہاز کی اسٹیل کٹنگ کی تقریب

پاک بحریہ نے عالمی یوم بحر منایا

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):پاک بحریہ کیلئے تیار کیے جانے والے جدید ترین جنگی بحری جہاز کی اسٹیل کٹنگ کی تقریب ہفتہ کو منعقد ہوئی۔ترجمان پاکستان بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سٹیل کٹنگ کی تقریب رومانیہ کے ڈیمن شپ یارڈ میں منعقد ہوئی،رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

یہ جہاز جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہو گا،اسی طرز کے دیگر دو جہاز پی این ایس یرموک اور پی این ایس تبوک پہلے ہی پاک بحریہ میں شامل ہوچکے ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مہمان خصوصی نے بحری امن و استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔

مہمان خصوصی نے ڈیمن شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر شپ یارڈ انتظامیہ کی تعریف کی،ان جہازوں کی پاک بحریہ میں شمولیت سے سمندری امور کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔