پاک بحریہ کے عزم، بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، صدر آصف علی زرداری کا یوم بحریہ پر پیغام

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو ہم ایک باوقار اور سربلند قوم کی حیثیت سے یوم بحریہ منا رہے ہیں، میں پاک بحریہ کے تمام افسران، سیلرز اور سویلین اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جن کے عزم، بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

اسلام آباد۔8 ستمبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو ہم ایک باوقار اور سربلند قوم کی حیثیت سے یوم بحریہ منا رہے ہیں، میں پاک بحریہ کے تمام افسران، سیلرز اور سویلین اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جن کے عزم، بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔یوم بحریہ پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 7 اور 8 ستمبر 1965 کی درمیانی شب بھاری حفاظتی حصار میں موجود بھارتی بحری ساحلی تنصیب دوارکا کے خلاف پاک بحریہ کا جرأت مندانہ آپریشن سومناتھ ہمیں اپنی بحریہ کے شاندار ماضی کی یاد دلاتا ہے، یہ آپریشن نہ صرف پاک بحریہ کی بہادری اور ثابت قدمی کا مظہر تھا بلکہ اس نے ایک ایسی مضبوط قوت کی بنیاد رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کیا جو خود اعتمادی اور دشمن کے دل میں خوف پیدا کرنے کے غیر متزلزل عزم سے لیس تھی اور ملک کے بحری دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم رہی۔

انہوں نے کہا کہ 1965 کے ان تاریخی واقعات کے بعد سے پاک بحریہ نے اپنی بحری سرحدوں کے دفاع میں اسی جذبہ شجاعت اور عزم کو برقرار رکھا ہے۔ معرکہ حق کے دوران مئی 2025 میں پاک بحریہ نے اپنی آپریشنل تیاری اور پیشگی تعیناتیوں کے ذریعے دشمن کو مؤثر طور پر باز رکھتے ہوئے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے نتیجے میں عددی برتری رکھنے والی بھارتی بحریہ کو قابو میں رکھا گیا اور اسے پاکستان کی بحری سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا کوئی موقع نہیں دیا گیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ حال ہی میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعہ کے دوران بھی پاک بحریہ نے آپریشن محافظُ البحر کے ذریعے قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے اپنے عزم اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے ملک کی توانائی سلامتی اور اقتصادی شہ رگ کے تحفظ میں فوری اور نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے ضروری سمندری ذرائع سے توانائی کی فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنایا۔پاک بحریہ عصرِ حاضر کی تکنیکی ترقیوں سے ہم آہنگ رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بھی جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے، جدید جنگی بحری جہازوں، تزویراتی اہمیت کی حامل ہنگور کلاس آبدوزوں، جیٹ طیاروں، بغیر پائلٹ کے نظام اور مقامی طور پر تیار کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی شمولیت اس بات کی عکاس ہے کہ پاک بحریہ ایک جدید اور مؤثر بحری قوت برقرار رکھنے کے لئے پوری توجہ اور عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جو پاکستان کے بحری مفادات کا تحفظ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قومی سلامتی اور ہماری سمندری حدود کی سالمیت یقینی بنانے کے علاوہ پاک بحریہ بحری سفارتکاری اور علاقائی سلامتی کے فروغ میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے، کثیر ملکی بحری مشق امن اور امن ڈائیلاگ کے ذریعے پاک بحریہ ’’امن کے لئے ساتھ ساتھ‘‘ کے عنوان کے تحت بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک بحریہ قومی اور علاقائی ہنگامی حالات کے دوران ایک قابلِ اعتماد ’’فرسٹ رسپانڈر‘‘ کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے اہم انسانی امداد اور آفات سے نمٹنے کے لئے امدادی سرگرمیوں میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم جب پیچیدہ بحری چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں تو میں مسلح افواج کی مسلسل جدید کاری اور استعدادِ کار میں اضافے کے لئے ریاست کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہوں، مجھے پاک بحریہ پر مکمل اعتماد ہے کہ اپنی اعلیٰ پیشہ وارانہ اقدار اور تکنیکی برتری کے ساتھ وہ بہادری، وقار اور پیشہ وارانہ مہارت کے ذریعے پاکستان کے بحری مفادات کا تحفظ جاری رکھے گی۔