اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):پاک فضائیہ کا دستہ ملٹی نیشنل فضائی جنگی مشق سپیئرز آف وکٹری-2026 میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا۔ ایف-16 بلاک 52 جنگی طیاروں پر مشتمل پاک فضائیہ کا دستہ فضائی و زمینی عملے کے ہمراہ ، کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچا۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اس مشق میں سعودی عرب، پاکستان، فرانس، اٹلی، یونان، قطر، بحرین، اردن، برطانیہ اور امریکا کی فضائی …
پاک فضائیہ کا دستہ کثیر ملکی جنگی مشق میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):پاک فضائیہ کا دستہ ملٹی نیشنل فضائی جنگی مشق سپیئرز آف وکٹری-2026 میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا۔ ایف-16 بلاک 52 جنگی طیاروں پر مشتمل پاک فضائیہ کا دستہ فضائی و زمینی عملے کے ہمراہ ، کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچا۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اس مشق میں سعودی عرب، پاکستان، فرانس، اٹلی، یونان، قطر، بحرین، اردن، برطانیہ اور امریکا کی فضائی افواج حصہ لے رہی ہیں۔
یہ مشق فضائی افواج کے مابین باہمی ہم آہنگی، عملی اشتراک، پیشہ ورانہ بصیرت اور صلاحیت میں اضافے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جو بڑی فضائی قوت کی تعیناتی ، رات کے اوقات میں ایئر آپریشنز، مربوط آئی ایس آر اور جدید الیکٹرانک وارفیئر ماحول میں کارروائیوں کے حوالے سے اہمیت اُجاگر کرتی ہے ۔اس ملٹی نیشنل فورم میں شرکت کے ذریعے پاک فضائیہ مشقو ں میں شریک دیگر فضائی افواج کے ساتھ باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی سے بھرپور جنگی ماحول میں اپنی عملی تیاری کی جانچ کر سکے گی۔ اس بین الاقوامی تعیناتی کے لیے پی اے ایف کے جنگی طیاروں نے پاکستان سے سعودی عرب تک مسلسل پرواز کی جو پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک عملی رسائی اور جنگی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
مشق کے دوران، جدید ایویونکس اور بی وی آر رینج صلاحیتوں سے لیس ایف-16 بلاک 52 طیارے اڑانے والے پاک فضائیہ کے پائلٹس، شریک فضائی افواج کے ہوابازوں کے مدمقابل ہوں گے جو مختلف جدید جنگی طیارے آپریٹ کر رہے ہیں۔سپیئرز آف وکٹری-2026 میں پاک فضائیہ کی شرکت نہ صرف علاقائی اور بین الاقوامی عسکری تعاون کے لیے پی اے ایف کے پختہ عزم کی عکاس ہے بلکہ اس کی پیشہ ورانہ مہارت اور مختلف قسم کے آزمائشی ماحول میں صفِ اول کی ہم عصر فضائی افواج کے شانہ بشانہ مؤثر انداز میں کام کرنے کی ثابت شدہ صلاحیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔







