پاک فوج خطے میں پائیدار امن، خوشحالی اور ترقی کے حصول کے لیے بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر
پاک فوج خطے میں پائیدار امن، خوشحالی اور ترقی کے حصول کے لیے بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

مزید خبریں
راولپنڈی ۔19نومبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تربت، بلوچستان کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے آغاز پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے مشکل آپریشنل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ آپریشنل تیاریوں، پیشہ ورانہ مہارت اور مادرِ وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج خطے میں پائیدار امن، خوشحالی اور ترقی کے حصول کے لیے بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔







