اینٹی مائیکروبیل مزاحمت عالمی صحت کے لیے سنگین چیلنج، اینٹی بائیوٹکس کا غیر ضروری استعمال روکنے کی ضرورت پر زور

اینٹی مائیکروبیل مزاحمت عالمی صحت کے لیے سنگین چیلنج، اینٹی بائیوٹکس کا غیر ضروری استعمال روکنے کی ضرورت پر زور

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):اینٹی مائیکروبیل مزاحمت عالمی صحتِ عامہ کے لیے ایک اہم چیلنج بنتی جا رہی ہے، جس کے باعث ایسے انفیکشنز کا علاج مشکل ہوتا جا رہا ہے جو ماضی میں مختصر مدت کی ادویات سے ٹھیک ہو جاتے تھے۔ ماہرین نے اینٹی بائیوٹکس کے ذمہ دارانہ استعمال، صفائی ستھرائی اور احتیاطی تدابیر کو اس مسئلے کی روک تھام کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔پلاننگ کمیشن کے مطابق عالمی ہفتہ برائے آگاہی اینٹی مائیکروبیل مزاحمت 18 سے 24 نومبر تک اس سال ’’ون ہیلتھ، ون ایکشن: اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کی روک تھام کے لیے ابھی اقدام کریں‘‘ کے موضوع کے تحت منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر اس امر کو اجاگر کیا جا رہا ہے کہ انسانوں، جانوروں، پودوں اور ماحول کی صحت ایک دوسرے سے منسلک ہے اور کسی ایک شعبے میں ذمہ دارانہ اقدامات مجموعی صحت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اینٹی مائیکروبیل مزاحمت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب بیکٹیریا، وائرس، فنگس اور دیگر جراثیم کے خلاف استعمال ہونے والی ادویات کی افادیت کم یا ختم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں انفیکشنز کا علاج پیچیدہ ہو سکتا ہے اور بیماریوں کے پھیلاؤ کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔عوام پر زور دیا گیا ہے کہ اینٹی بائیوٹکس صرف مستند طبی ماہرین کے مشورے اور نسخے کے مطابق استعمال کریں، بچی ہوئی ادویات خود استعمال کرنے یا دوسروں کو دینے سے گریز کریں، صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں اور خوراک و پانی کو محفوظ بنائیں۔

اسی طرح حفاظتی ویکسینیشن بروقت مکمل کرنے اور غیر استعمال شدہ ادویات کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے لیے متعلقہ مراکز پر واپس جمع کروانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔عالمی آگاہی مہم کے تحت اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کی روک تھام صرف شعبہ صحت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لیے انسانی صحت، حیوانی صحت، زراعت اور ماحولیات سمیت تمام متعلقہ شعبوں اور معاشرے کے ہر فرد کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزید خبریں