حکومت مالیاتی نظم و ضبط، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے،وفاقی وزیرخزانہ کی سنگاپورمیں پاکستانی کمیونٹی سے گفتگو

حکومت مالیاتی نظم و ضبط، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے،وفاقی وزیرخزانہ کی سنگاپورمیں پاکستانی کمیونٹی سے گفتگو

سنگا پور۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے، معیشت کے استحکام اور مالیاتی خسارے میں کمی کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سنگاپور میں پاکستان ہائوس میں پاکستانی ہائی کمشنر رابعہ شفیق کی جانب سے دیے گئے عشائیے کے موقع پر پاکستانی تارکین وطن اور کاروباری برادری کے ارکان سے ملاقات کے دوران کیا۔وزیر خزانہ نے شرکا کو پاکستان میں بہتر ہوتے ہوئے معاشی استحکام، معیشت کو مضبوط بنانے اور مالیاتی خسارے میں کمی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مالیاتی نظم و ضبط، اقتصادی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا۔ محمد اورنگزیب نے سنگاپور میں اپنے قیام کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی تارکین وطن کو ملک کا قیمتی اثاثہ اور قومی اقتصادی ترقی میں اہم شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، بالخصوص کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو سرمایہ کاری کے ایک پرکشش مقام کے طور پر متعارف کرانے اور پاکستان و سنگاپور کے سرمایہ کاروں کے درمیان روابط اور تعاون بڑھانے میں فعال کردار ادا کریں۔وزیر خزانہ نے شرکا کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے حکومت کے نجکاری پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری سے قومی خزانے پر مالی بوجھ کم کرنے، حکومتی اخراجات کو محدود کرنے اور معاشی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر پاکستانی کاروباری برادری کے ارکان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو مزید بہتر بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے حوالے سے اپنی آرا پیش کیں۔ شرکا نے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست روابط اور تعاون بڑھانے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا اور سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی تعاون میں اضافے کے لیے مختلف تجاویز دیں۔

مزید خبریں