جدید صنعتی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے نیشنل سینٹر فار مینوفیکچرنگ کے قیام کا منصوبہ، 4.59 ارب روپے لاگت آئے گی
جدید صنعتی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے نیشنل سینٹر فار مینوفیکچرنگ کے قیام کا منصوبہ، 4.59 ارب روپے لاگت آئے گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان میں صنعتی پیداوار، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے فروغ کے لیے نیشنل سینٹر فار مینوفیکچرنگ کے قیام کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس پر مجموعی طور پر 4 ارب 58 کروڑ 88 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کے تحت یہ مرکز مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تحقیق، جدت اور جدید پیداواری ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جس کے ذریعے صنعتی شعبے کی ضروریات کے مطابق فنی مہارتوں اور تکنیکی استعداد کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
منصوبے کے تحت جدید صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ تحقیق، انجینئرنگ کی مہارتوں اور جدید پیداواری طریقہ کار کو یکجا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ جامعات اور صنعتی شعبے کے درمیان روابط مضبوط بنانے، تحقیق کو عملی صنعتی حل میں تبدیل کرنے اور پاکستانی محققین و انجینئرز کو جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز سے روشناس کرانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔نیشنل سینٹر فار مینوفیکچرنگ کا قیام ملکی صنعتی شعبے کی پیداواری صلاحیت، جدت اور عالمی منڈیوں میں مسابقت بڑھانے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
اس سے جدید صنعتی ٹیکنالوجیز کے استعمال، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور مقامی سطح پر جدید پیداواری صلاحیتوں کی ترقی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔یہ منصوبہ قومی اقتصادی پروگرام اڑان پاکستان کے برآمدات، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے اہداف سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد تحقیق، جدید مہارتوں اور تکنیکی استعداد میں سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کو زیادہ پیداواری اور مسابقتی معیشت میں تبدیل کرنے کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔







