پاکستان کا بھارت کو مشترکہ دریائوں کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے خلاف انتباہ، اقوام متحدہ میں دونوں ممالک کے درمیان لفظی تکرار

پاکستان کا بھارت کو مشترکہ دریائوں کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے خلاف انتباہ، اقوام متحدہ میں دونوں ممالک کے درمیان لفظی تکرار

اقوام متحدہ۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کی جانب سے کئی دہائیوں پرانے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے اور زیریں علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر کرنے کی دھمکیوں کو ’’پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے‘‘ کے مترادف قرار دیتے ہوئے اسے غیر قانونی اقدام قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے قدرتی وسائل اور تنازعات پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات 24 کروڑ سے زیادہ افراد کے روزگار اور فلاح و بہبود کو خطرے میں ڈالنے کے ساتھ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہ غیر رسمی اجلاس لائبیریا کی جانب سے قدرتی وسائل اور تنازعات کے موضوع پر منعقد کیا گیا تھا، جسے اریا فارمولا (Arria-Formula) اجلاس کہا جاتا ہے۔ اس کا مقصد یہ جائزہ لینا تھا کہ قدرتی وسائل میں تعاون کے ذریعے غیر قانونی طور پر تنازعات کی مالی معاونت کو کیسے روکا جا سکتا ہے، عوام کے ذرائع معاش کا تحفظ کیسے ممکن بنایا جا سکتا ہے اور اہم معدنیات پر بڑھتے ہوئے عالمی مقابلے کے دوران امن کو کیسے فروغ دیا جا سکتا ہے۔

اریا فارمولا اجلاس غیر رسمی ہوتے ہیں، جن میں سلامتی کونسل کے ارکان متعلقہ معاملات پر کھل کر اور نجی طور پر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں سلامتی کونسل کے ارکان اور اقوام متحدہ کے دیگر رکن ممالک کے علاوہ بین الاقوامی تنظیموں، تعلیمی اداروں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ تنازعات کی روک تھام کے لیے ہمسایہ ممالک کے درمیان تعاون اور وسائل سے متعلق تنازعات کا پُرامن حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 کا بھی حوالہ دیا جس میں تنازعات کے پُرامن حل کے ذرائع کے استعمال پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصول مشترکہ سرحدی وسائل بالخصوص پانی کے انتظام کے لیے انتہائی اہم ہیں، جہاں بین الاقوامی قانون اور باہمی طور پر طے شدہ معاہدوں کا احترام علاقائی امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستانی مندوب نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ آبی معاہدے کی معطلی کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور نشاندہی کی کہ مستقل ثالثی عدالت نے بھی اس بات کی توثیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور مکمل طور پر نافذ العمل ہے اور بھارت اس کی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کو بین الاقوامی قانون اور پابند معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشترکہ قدرتی وسائل کو دبائو ڈالنے یا سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ قدرتی وسائل اور تنازعات کے باہمی تعلق پر بات کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ قدرتی وسائل کواستحصال اور تنازعات کا نہیں بلکہ پائیدار ترقی، مشترکہ خوشحالی اور امن کا ذریعہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے قدرتی وسائل پر خودمختار کنٹرول کے حصول کے لیے افریقی ممالک کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی مداخلت، غیر قانونی استحصال، سیاسی محرومی، کمزور ادارے اور اشرافیہ کا وسائل پر قبضہ اکثر قدرتی وسائل کی دولت کو تنازعات کا سبب بنا دیتے ہیں۔ انہوں نے جمہوریہ کانگو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں معدنی وسائل کی بے پناہ دولت عوام کی خوشحالی کا ذریعہ بننے کی بجائے تنازعات کو برقرار رکھنے کا سبب بن رہی ہے۔ پاکستانی مندوب نے وسائل سے متعلق تنازعات کی روک تھام کے لیے تین اہم ترجیحات بھی پیش کیں جن میں جامع سیاسی مفاہمت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے تنازعات کی بنیادی سیاسی اور انتظامی وجوہات کا خاتمہ،سپلائی چین کی نگرانی، ذمہ دارانہ ذرائع سے وسائل کے حصول اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے تنازعات کی مالی معاونت کو روکنا اور وسائل سے مالا مال ترقی پذیر ممالک کو سرمایہ کاری، مقامی سطح پر پروسیسنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اضافی قدر پیدا کرنے کے مواقع فراہم کرنا شامل ہیں۔ پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ قدرتی وسائل کا انتظام اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور قدرتی وسائل پر مستقل خودمختاری کے اصول کے تحت ہونا چاہیے، جس کی توثیق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 1803 میں بھی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کو استحصال، عدم مساوات اور تنازعات کی بجائے تعاون، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار امن کا ذریعہ بننا چاہیے۔ پاکستانی مندوب عثمان جدون کے بھارت کے اقدامات کو غیر قانونی قرار دینے پر بھارتی سفیر ہریش پرواتھانینی نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کا موقف واضح اور مستقل ہے ۔پاکستان کی جانب سے جواب دینے کے اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے فرسٹ سیکرٹری انصر شاہ نے بھارت کی جانب سے اصل معاملے سے توجہ ہٹانے، حقائق سے انکار اور بے بنیاد بیانات دینے کی کوشش کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ انصر شاہ نے واضح کیا کہ دو ہمسایہ ممالک کے درمیان کسی ایک فریق کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ کسی پابند معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کر دے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں اس نوعیت کے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ بھارت کے اس موقف پر کہ سندھ طاس معاہدہ 1960 میں طے پایا تھا اور اب دنیا بدل چکی ہے، انصر شاہ نے نشاندہی کی کہ اقوام متحدہ کا چارٹر اس سے بھی پرانا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا بھارت کے نزدیک اقوام متحدہ کا چارٹر بھی پرانا ہو چکا ہے؟ جموں و کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کو نظرانداز کرنے کے بھارتی رویے کو دیکھتے ہوئے تو ایسا ہی معلوم ہوتا ہے۔ پاکستانی مشن کے فرسٹ سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں بھارت کے 9 لاکھ فوجیوں کی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انصر شاہ نے پاکستان کے داخلی معاملات سے متعلق بھارت کے مستقل مندوب کے بیانات کو بھی غیر سنجیدہ اور نامناسب قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک متحرک اور ترقی کرتی ہوئی جمہوریت ہے، جہاں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی قائم ہے۔

پاکستانی شہری اپنے رہنمائوں کے انتخاب ، طرز حکمرانی اور بنیادی حقوق و آزادیوں کے استعمال کے حوالے سے آزاد ہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے فرسٹ سیکرٹری نے کہا کہ آج بھارت میں انتہا پسند ہندوتوا نظریے کی حامل حکومت کا غلبہ ہے جو اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک، آزادی اظہار پر پابندیوں اور نفرت انگیزی کو فروغ دے رہی ہے اور ملک کے اندر اور باہر پُرامن بقائے باہمی کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے پروپیگنڈا نظام اور ’’گودی میڈیا‘‘ کے ذریعے اپنے عوام کو گمراہ کر سکتا ہے لیکن دنیا کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔

مزید خبریں