روس کی ایشا پیسیفک ممالک کے سرمایہ کاروں کو ملک کے اپنے آرکٹک اور مشرق بعید خطوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

روس کی ایشا پیسیفک ممالک کے سرمایہ کاروں کو ملک کے اپنے آرکٹک اور مشرق بعید خطوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

شینزن ۔19نومبر (اے پی پی):روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپیک سربراہ اجلاس کے موقع پر ایشا پیسیفک خطے کے سرمایہ کاروں کو ملک کے آرکٹک اور مشرق بعید خطوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ، جنوری 2027 سے ان خطوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو نئی ترغیبات اور جدید ٹیکنالوجیز کی جانچ کے لیے خصوصی قوانین متعارف کرائے جائیں گے۔ رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ملک کے آرکٹک اور مشرق بعید کو ایشیا پیسیفک کے سرمایہ کاروں کے لیے پیش کرتے ہوئے جنوری 2027 میں نافذ ہونے والی نئی ترغیبات اور جدید ٹیکنالوجیز کی جانچ کے لیے خصوصی قوانین کی نقاب کشائی کی ۔یہ پیکیج اہل سرمایہ کاروں کو منافع، جائیداد اور زمین پر ٹیکس میں چھوٹ کے ساتھ ساتھ کم پے رول شراکت اور ترجیحی لیز کی پیشکش کرے گا، روس دونوں خطوں میں ڈرون، صنعتی روبوٹس اور اے آئی کی جانچ کے لیے قوانین کو آسان بنانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ پیوٹن نے گزشتہ روز چین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) کے سی ای او سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ روس اپنی ٹرانس سائبیرین اور بیکال ۔امور ریلوے کو جدید، اپنی بحرالکاہل کی بندرگاہوں کی صلاحیت میں اضافہ اور اپنے شمالی سمندری راستے پر بنیادی ڈھانچے کو ترقی دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس نے طویل عرصے سے آرکٹک کو بین الاقوامی تعاون کے خطے کے طور پر فروغ دیا بشمول مغربی ممالک کے ساتھ روس 1996 میں آرکٹک کونسل کا بانی رکن تھا لیکن 2022 میں یوکرین کے تنازعے میں اضافے کے بعد سات دیگر رکن ممالک نے ماسکو کے ساتھ کونسل کا کام بڑی حد تک معطل کر دیا ،بگڑتے ہوئے تعلقات کے باوجود روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے بارہا آرکٹک کی ترقی پر واشنگٹن کے ساتھ تعاون کرنے پر آمادگی ظاہر کی ۔ اکتوبر میں انہوں نے تصدیق کی کہ روس اور امریکا خطے میں توانائی اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مشترکہ منصوبوں کی تلاش کر رہے ہیں۔دریں اثنا، یورپی یونین نے اپنی نئی آرکٹک حکمت عملی کے تحت عسکریت پسندی کی طرف تیزی سے توجہ مرکوز کی ہے جسے گزشتہ ماہ اپنایا گیا تھا۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کاجا کالس نے کہا کہ اپنے مفادات کے دفاع کے لیے ہم نگرانی، بنیادی ڈھانچے، فوجی نقل و حرکت اور صلاحیتوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

برطانیہ بھی آرکٹک اور شمالی بحر اوقیانوس میں اپنی بحری موجودگی کو بڑھانے کے لیے آگے بڑھا ہے جبکہ سابق وزیر اعظم رشی سونک نے حال ہی میں لندن پر زور دیا ہے کہ وہ جزیرہ نما کولا پر روسی فوجی تنصیبات کے خلاف حملوں کی تیاری کرے۔روسی حکومت نے بارہا خبردار کیا ہے کہ نیٹو کی بڑھتی عسکری سرگرمیوں سے آرکٹک کو تصادم کے ایک اور تھیٹر میں تبدیل کرنے کا خطرہ ہے۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اگست میں نیٹو (NATO)پر الزام لگایا کہ وہ خطے کو عسکریت پسندی کی جانب دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ماسکو آرکٹک کو امن اور تعاون کے خطے کے طور پر برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

امریکا کے ایشیائی اتحادی نے یورپ جانے والے روسی تجارتی راستے کا تجربہ کیا۔روس کے اقتصادی اقدامات کا مرکز ‘ناردرن سی روٹ’ کی ترقی ہے ۔ یہ آرکٹک میں جہاز رانی کا ایک ایسا راستہ ہے جس کی اہمیت میں اس وقت اضافہ ہوا ہے جب ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کے بحری تجارتی راستوں میں رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں۔چین اور جنوبی کوریا کی شپنگ کمپنیوں نے حالیہ مہینوں میں اس راستے سے اپنے کنٹینر بردار جہاز روانہ کیے ہیں۔ چین کی کمپنی ‘سی لیجنڈ’ نے اگست میں ایک باقاعدہ سروس کا آغاز کیا جبکہ جنوبی کوریا کی کمپنی ‘پین سٹار’ نے ستمبر میں یورپ کے لیے اپنا پہلا آزمائشی سفر مکمل کیا۔