ایف آئی اے لاہور کی کارروائی، حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار، 2 لاکھ 31 ہزار روپے برآمد

ایف آئی اے لاہور کی کارروائی، حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار، 2 لاکھ 31 ہزار روپے برآمد

لاہور۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور زون کے کمرشل بنکنگ سرکل نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے لاہور کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد جنید کے نام سے ہوئی ہے، جسے لاہور میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔

ملزم حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث پایا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 2 لاکھ 31 ہزار پاکستانی روپے برآمد کیے گئے،جبکہ ایک موبائل فون اور حوالہ ہنڈی و غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ایف آئی اے حکام نے ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ترجمان کے مطابق حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔