ناسا کا 27 سال تک زمین کا مشاہدہ کرنے والے سیٹلائٹ ’’ٹیرا‘‘ کا مشن یکم دسمبر سے ختم کرنے کا اعلان

ناسا کا 27 سال تک زمین کا مشاہدہ کرنے والے سیٹلائٹ ’’ٹیرا‘‘ کا مشن یکم دسمبر سے ختم کرنے کا اعلان

واشنگٹن۔19نومبر (اے پی پی):امریکی خلائی ادارے ناسا نے اعلان کیا ہے کہ اس کا سیٹلائٹ’’ٹیرا‘‘ یکم دسمبر سے سائنسی ڈیٹا جمع کرنا بند کر دے گا جس کے ساتھ ہی زمین کا 27 سالہ مشاہداتی مشن اختتام کی جانب بڑھ جائے گا۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ناسا نے بیان میں کہا ہے کہ ٹیرا سیٹلائٹ دسمبر 1999 میں خلا میں بھیجا گیا تھا اور اس کی ابتدائی مدتِ کار6 سال مقرر کی گئی تھی، تاہم اس نے اپنی مقررہ مدت سے چار گنا سے بھی زیادہ عرصے تک خدمات انجام دیں۔

اس دوران سیٹلائٹ نے زمین کے استعمال میں تبدیلیوں، جنگلات میں لگنے والی آگ، فضا میں گردوغبار اور دھوئیں کی منتقلی، فضا کی کیمیائی ترکیب اور برف کے پھیلائوسے متعلق قیمتی سائنسی معلومات فراہم کیں۔

ناسا کے مطابق سیٹلائٹ’’ ٹیرا‘‘ میں زمین کا مشاہدہ کرنے والے5سائنسی آلات نصب ہیں۔ سیٹلائٹ کے نظام پرانے ہونے اور مدار میں تبدیلی کے باعث توانائی بچانے کے لیے ان میں سے بعض آلات بند کیے جا چکے ہیں۔ ناسا کا منصوبہ ہے کہ سیٹلائٹ میں باقی ماندہ ایندھن استعمال کرتے ہوئے اس کا مدار مزید نیچے لایا جائے، جس کے بعد جنوری 2027 میں اس کے تمام نظام بند کر دیئے جائیں گے۔ ادارے کے مطابق سیٹلائٹ’’ ٹیرا ‘‘کے پورے مشن کے دوران جمع کیا گیا سائنسی ڈیٹا عوام کے لیے مفت دستیاب رہے گا۔