پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کا باضابطہ فریم ورک قائم کرنے کا فیصلہ، مفاہمتی یادداشت 23 نومبر کو دستخط ہوگی
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کا باضابطہ فریم ورک قائم کرنے کا فیصلہ، مفاہمتی یادداشت 23 نومبر کو دستخط ہوگی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو فروغ دینے، دونوں ممالک کی اعلیٰ عدالتوں کے مابین ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے مفاہمتی یادداشت پر 23 نومبر کو دستخط کیے جائیں گے۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقد ہونے والی تقریب میں ترکیہ کی عدالتِ عظمیٰ (کورٹ آف کیسیشن) کے صدر عمر کرکز کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد شرکت کرے گا۔ ترکیہ کا یہ وفد 23 سے 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کرے گا، جس میں اعلیٰ عدالتی شخصیات اور سینئر حکام بھی شامل ہوں گے۔
مجوزہ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے درمیان ججوں کے تبادلے، عدالتی استعداد کار میں اضافے، بہترین عدالتی طریقہ کار سے استفادے اور تجربات کے تبادلے کے لیے باقاعدہ تعاون کا فریم ورک قائم کیا جائے گا۔تعاون کے اہم شعبوں میں بالخصوص ضلعی عدلیہ کے ججوں کی پیشہ ورانہ تربیت، مشترکہ تربیتی پروگرامز، تعلیمی تبادلے اور تقابلی عدالتی نظاموں کے تجربات سے استفادہ شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ عدالتی کارروائیوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی تعاون کیا جائے گا تاکہ عدالتی نظام کی کارکردگی، شفافیت اور انصاف تک رسائی کو بہتر بنایا جا سکے۔دورے کے دوران ترکیہ کا وفد اعلیٰ سطح کے ادارہ جاتی اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ شعبہ انصاف سے وابستہ اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا۔
ان ملاقاتوں میں مقدمات کے فیصلوں، عدالتی انتظامی امور اور عدالتی اصلاحات سے متعلق جدید تقاضوں اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ترک وفد کو پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کے لیے ٹیکسلا، فیصل مسجد اور لاہور کے تاریخی اندرون شہر کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سپریم کورٹ آف پاکستان سے براہ راست نشر کی جائے گی۔
تقریب میں سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے جج صاحبان، ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان، وفاقی وزیر قانون و انصاف، اٹارنی جنرل پاکستان، سیکرٹری وزارت قانون و انصاف، سیکرٹری وزارت خارجہ، ضلعی عدلیہ کے ججوں اور قانونی برادری کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔یہ دورہ پاکستان کے عدالتی نظام کو جدید، مؤثر اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے، بین الاقوامی بہترین عدالتی طریقہ کار سے استفادہ کرنے اور انصاف تک عوام کی رسائی اور عدلیہ پر اعتماد کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔







