لاڑکانہ میں نجی سکولوں کے طلبہ کے درمیان سکریبل اور شطرنج کے مقابلے، طلبہ کی بھرپور شرکت

لاڑکانہ میں نجی سکولوں کے طلبہ کے درمیان سکریبل اور شطرنج کے مقابلے، طلبہ کی بھرپور شرکت

لاڑکانہ۔ 19 نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ اور سیکریٹری سکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی کے وژن کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ سکولز رجسٹریشن اینڈ انسپیکشن، لاڑکانہ ریجن کے زیرِ نگرانی ضیاء الدین کالج لاڑکانہ میں نجی سکولوں کے طلبہ کے درمیان سکریبل اور شطرنج کے مقابلوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی ذہنی صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور غیر معمولی قابلیت کا مظاہرہ کیا۔مقابلوں کا انعقاد ایڈیشنل رجسٹرار رافعہ جاوید ملاح اور ڈائریکٹر جنرل محمد افضل کی ہدایات پر کیا گیا۔

تقریب کی میزبانی ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز رجسٹریشن اینڈ انسپیکشن لاڑکانہ ریجن فوزیہ ناز منگیرو اور ڈپٹی ڈائریکٹر عنایت اللہ چانڈیو نے کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر قربان علی بھٹو بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو، چیئرمین ضلع کونسل لاڑکانہ اعجاز احمد لغاری اور میئر لاڑکانہ انور علی لوہار نے شرکت کی۔

معزز مہمانوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سکریبل اور شطرنج کے مقابلوں میں گہری دلچسپی لی اور ان کی ذہانت، توجہ، حاضر دماغی اور بہترین کارکردگی کو سراہا۔ضیاء الدین کالج کی انتظامی ٹیم نے مقابلوں کے انعقاد اور انتظامات میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل (انٹرمیڈیٹ و اے لیولز) ارسلان اقبال لغاری، سینئر ایڈمن آفیسر سید دانیال حسن اور ایڈمن آفیسر محمد فراز صدیقی نے ججز کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔مختلف نجی سکولوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے دونوں مقابلوں میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی ذہنی صلاحیتوں، ارتکاز، تخلیقی سوچ اور صحت مند مسابقت کے جذبے کا عملی مظاہرہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے معزز مہمانوں، ججز اور نجی سکولوں کے نمائندوں کو سندھ کی ثقافتی پہچان اجرکیں اور یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ سکولز رجسٹریشن اینڈ انسپیکشن لاڑکانہ ریجن کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ طلبہ کی ذہنی و فکری نشوونما، تنقیدی سوچ، خود اعتمادی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایسے تعلیمی و صحت مند مقابلوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔ مقررین کے مطابق اس نوعیت کی سرگرمیاں طلبہ کو روایتی تدریسی ماحول سے ہٹ کر اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔

مزید خبریں