پاکستان نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-1 سے جیت لی
پاکستان نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-1 سے جیت لی

مزید خبریں
راولپنڈی۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کر لی۔ پاکستان نے مہمان ٹیم کی جانب سے دیا گیا 90 رنز کا ہدف بآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عامر جمال 34 اور اذان اویس 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد عباس کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز سے دوبارہ شروع کی تو ملن رتھنائیکے 66 اور اسیتھا فرنینڈو 2 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
اسیتھا فرنینڈو گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جس کے ساتھ ہی سری لنکا کی دوسری اننگز 316 رنز پر تمام ہو گئی۔ ملن رتھنائیکے 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور عامر جمال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
رضا اللہ نے دو جبکہ ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں 227 رنز کی برتری حاصل کرنے کے باعث پاکستان کو کامیابی کے لیے 90 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عامر جمال 34 اور اذان اویس 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ طبیب عارف 13 اور محمد طحہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو اور لاہیرو کمارا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔







