وزیر داخلہ سندھ کی سنگین جرائم میں ملوث ڈاکو گرفتار کرنے پر لاڑکانہ پولیس کو مبارکباد
وزیر داخلہ سندھ کی سنگین جرائم میں ملوث ڈاکو گرفتار کرنے پر لاڑکانہ پولیس کو مبارکباد

مزید خبریں
لاڑکانہ۔ 19 نومبر (اے پی پی):وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے لاڑکانہ پولیس کی جانب سے تھانہ نوڈیرو کی حدود میں موہل چوکڑی کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈاکو اویس کھکھرانی اور سنگین جرائم میں مطلوب اس کے ساتھی احسان کھکھرانی کو گرفتار کرنے پر ڈی آئی جی لاڑکانہ، ایس ایس پی لاڑکانہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔ ضیا الحسن لنجار نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکو اویس کھکھرانی ( جس کی گرفتار ی پر 30 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا)سمیت سنگین جرائم میں ملوث احسان کھکھرانی کی گرفتاری اہم کامیابی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ پولیس نے مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطرناک جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا جو امن و امان کے قیام اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قابلِ تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی لاڑکانہ کی قیادت میں پولیس ٹیم کی کارکردگی لائق ستائش ہے،
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی مزید تیز اور گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کے نیٹ ورک سے متعلق بھی تحقیقات کی جائیں۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت اور پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔







