بنگلہ دیش، سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی متوقع واپسی کے تناظر میں جھڑپیں و بم دھماکے ، ملک میں نیم فوجی دستوں کے سینکڑوں اہلکار تعینات

بنگلہ دیش، سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی متوقع واپسی کے تناظر میں جھڑپیں و بم دھماکے ، ملک میں نیم فوجی دستوں کے سینکڑوں اہلکار تعینات

ڈھاکہ۔19نومبر (اے پی پی):بنگلہ دیش میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی متوقع واپسی کے تناظر میں جھڑپیں، بم دھماکے اور آتش زنی کے واقعات پیش آئے ہیں جن کا ذمہ دار ان کی کالعدم جماعت کے حامیوں کو ٹھہرایا جا رہا ہے ۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق ان واقعات کے بعد ملک بھی میں سکیورٹی سخت کر دی گئی اور نیم فوجی دستوں کے سینکڑوں اہلکار تعینات کر دیے گئے۔

شیخ حسینہ جو اگست 2024 میں اپنے استعفے کے مطالبے پر ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے بعد ڈھاکہ سے فرار ہو کر پڑوسی ملک بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں، نے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے لیے درخواست د یتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دسمبر میں واپس آنا چاہتی ہیں، تاہم حکومت نے اب تک ان کی درخواست مسترد کر دی ہے جس کے ردعمل میں ان کی جماعت ‘عوامی لیگ’ کے ارکان اور حامی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے،عوامی لیگ نے شیخ حسینہ کی واپسی کے لیے حمایت حاصل کرنے کی خاطر ایک ہفتے پر محیط احتجاجی پروگرام اور ریلیوں کا اعلان کیا تھا ۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10 دنوں کے دوران کم از کم 28 اضلاع میں درجنوں دیسی ساختہ بم دھماکوں اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات پیش آئے جن میں پولیس اہلکاروں سمیت کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق منگل کی رات گئے شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج کے قریب ایک احتجاج کے دوران حکمران جماعت ‘بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی’ (بی این پی) کے ایک کارکن کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پرقتل کر دیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ اسی رات ثقافتی امور کے وزیر نتائی رائے چودھری کی ڈھاکہ میں رہائش کے باہر ایک دیسی بم کا دھماکہ ہوا جبکہ گوپال گنج میں بی این پی کے ایک قانون ساز کے گھر اور پارٹی حامیوں کی دکانوں کو آگ لگا دی گئی۔

گزشتہ روز جنوبی ضلع پیروج پور میں دو بسوں کو نذرِ آتش کر دیا گیا جس کے نتیجے میں ایک بس کمپنی کا ہیلپر جل کر ہلاک ہو گیا، اس دوران کم از کم سات پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور آٹھ گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ ملک کے دیگر حصوں میں بھی حالیہ دنوں کے دوران پٹرول بموں کے دھماکوں اور آتش زنی کے واقعات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی قیادت میں قائم موجودہ حکومت نے اس تشدد کا ذمہ دار حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کو ٹھہرایا جس پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

اس کے علاوہ 10 نومبر سے اب تک گرامین بینک کی کم از کم 37 شاخوں اور دفاتر کو آتش زنی کے حملوں یا آگ لگانے کی کوششوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ منگل کی نصف شب کے بعد مزید 14 مقامات پر حملے کیے گئے۔ اس بینک کی بنیاد نوبل انعام یافتہ محمد یونس نے رکھی تھی جنہوں نے حسینہ کے اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی سربراہی کی ، انہیں حسینہ کے حامیوں کی جانب سے مخالفت اور دشمنی کا سامنا رہا ہے۔ ڈھاکا میٹروپولیٹن پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عوامی لیگ اور اس سے منسلک تنظیموں کے کم از کم 71 ارکان کو گرفتار کیا ہے۔

مزید خبریں