پاک فوج سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کےحل کی بھرپورحمایت کرتی ہے، جنرل عاصم منیر

174
ispr
ispr

راولپنڈی۔6اپریل (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج مسئلہ کشمیر کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کی بھرپورحمایت کرتی ہے،پاک فوج ملکی سلامتی کو درپیش ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ وہ جمعرات کو لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں پر جوانوں سے خطاب کررہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کنٹرول لائن پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے اگلے مورچوں پر موجود افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ کور کمانڈر راولپنڈی نے کنٹرول لائن پر آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف کو کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، انہیں لائن آف کنٹرول پر تعینات فارمیشنز کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہدایت کی کہ مقامی آبادی سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے، پرعزم رہیں اور اپنے فرائض جذبہ اور لگن سے انجام دیں۔ آرمی چیف نے افسران و جوانوں کے بلند حوصلہ اور زبردست آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج مسئلہ کشمیر کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کی بھرپورحمایت کرتی ہے، مادر وطن کی سرحدوں، سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج پرعزم ہے۔