پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وانا کیڈٹ کالج پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا، وفاقی وزراء کا پاک فوج کو خراج تحسین

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وفاقی وزراء نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وانا کیڈٹ کالج پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا، دہشت گرد سانحہ اے پی ایس پشاور کو دہرانا چاہتے تھے، ہماری بہادر افواج نے ان کے منصوبہ کو ناکام بنا دیا، پاک فوج کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے تمام دہشت گرد …

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وفاقی وزراء نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وانا کیڈٹ کالج پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا، دہشت گرد سانحہ اے پی ایس پشاور کو دہرانا چاہتے تھے، ہماری بہادر افواج نے ان کے منصوبہ کو ناکام بنا دیا، پاک فوج کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے تمام دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔ جمعرات کو وانا کیڈٹ کالج آپریشن پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاک فوج نے کیڈٹ کالج پر حملے پر فوری رسپانس کرتے ہوئے حملہ آوروں کو جہنم رسید کیا اور تمام کیڈٹس کی زندگیاں کو محفوظ بنایا، یہ ان کی بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے اور ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔

وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ کیڈٹ کالج پر حملہ بزدلانہ عمل تھا، یہ ہماری قوم کے اندر انتشار پھیلانے اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش تھی۔ انہوں نے کیڈٹس کی زندگیاں کو محفوظ بنانے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے پیچھے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی اور افغانستان ہے، جس طرح ہم نے دشمن ملک کے خلاف جنگ جیتی ہے اسی طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہماری فوج نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور کیڈٹس کی زندگیوں کو محفوظ بنایا، جری سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کا اتحاد ہماری طاقت ہے، ہماری فوج نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں پر قابو پایا۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی کی اس کارروائی کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے، ہمارے ہمسائے میں وہ تمام لوگ جو پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں ان کو واضح پیغام چلا جانا چاہئے کہ انہیں دوبارہ منہ کی کھانا پڑے گی۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وہ کیڈٹ کالج آپریشن میں حصہ لینے والے تمام جوانوں کو سلام پیش کرتی ہیں، افواج پاکستان اور اس کی لیڈر شپس کی بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ہمارے تمام کیڈٹس محفوظ رہے۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ قوم نے جس طرح اپنی افواج پاکستان کے پیچھے کھڑے ہو کر 10 مئی کو اپنے سے بڑے دشمن کو شکست دی اسی طرح دہشت گردی کی جنگ میں بھی شکست دیں گے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ یہ حکومت دن رات محنت کرتے ہوئے پاکستان کو ہر محاذ پر اس کا مقام حاصل کرکے دے گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ ہم سب کو نفرت، انتہاء پسندی اور تعصب کے خلاف مل کر کھڑا ہونا ہے اور ایک ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جو امن، بھائی چارے اور انسانیت کی روشن مثال ہے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ ایک قوم کی حیثیت سے ہم سب کو مل کر اپنے ملک کیلئے کام کرنا چاہئے اور یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں، یہ جنگ بھی ہم جیتیں گے۔