اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) پاک قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کا پانچواں اجلاس گذشتہ روز دوحہ میں ہوا جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان اور قطری وزیر برائے تجارت و صنعت علی بن احمد الکواری نے کی۔ اجلاس سے پہلے دونوں وزراء نے باہمی امور پر علیحدہ ملاقات بھی کی۔ مشترکہ کمیشن نے پاکستان اور قطر کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام …
پاک قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کا پانچواں اجلاس، دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) پاک قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کا پانچواں اجلاس گذشتہ روز دوحہ میں ہوا جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان اور قطری وزیر برائے تجارت و صنعت علی بن احمد الکواری نے کی۔ اجلاس سے پہلے دونوں وزراء نے باہمی امور پر علیحدہ ملاقات بھی کی۔ مشترکہ کمیشن نے پاکستان اور قطر کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا۔ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور اسے بڑھانے کیلئے خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور صنعت، ٹرانسپورٹ، توانائی، افرادی قوت کی برآمدات، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، فنانس، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے باہمی تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی حوصلہ افزائی کیلئے طویل المیعاد اور پائیدار شراکت کا عزم کیا۔ مشترکہ کمیشن نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو باہمی تجارت کو فروغ دینے کے میکانزم کا قیام عمل میں لانے پر زور دیا۔ مشترکہ کمیشن نے قطریـپاکستانی مشترکہ بزنس کونسل کو فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ جون 2019ء میں مفاہمت کی یادداشت کی بنیاد پر تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ مشترکہ کمیشن نے دونوں ممالک میں تجارتی نمائشوں کے قیام پر ترغیب دی جس کے ذریعے دونوں ممالک کے تیار شدہ سامان اور مصنوعات کو متعارف کرایا جائے گا۔ مزید برآں دونوں فریقوں نے سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ قطری شرکاء نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کئے۔ اس کے علاوہ قطر میں پاکستان سے انتہائی ہنرمند اور پیشہ ور افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ایوی ایشن، ثقافت اور سیاحت میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔








