لاہور۔29جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا گیم چینجر منصوبہ ہے،سی پیک میں نئی جدت لائیں گے اور اسے مزید آگے بڑھائیں گے، صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سی پیک میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روزچینی قونصل جنرل ژا شریں (Zhao Shiren)سے ملاقات کے دوران …
پاک چائنہ اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا گیم چینجر منصوبہ ہے،سردار سلیم حیدرخان

مزید خبریں
لاہور۔29جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا گیم چینجر منصوبہ ہے،سی پیک میں نئی جدت لائیں گے اور اسے مزید آگے بڑھائیں گے، صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سی پیک میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روزچینی قونصل جنرل ژا شریں (Zhao Shiren)سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے سبکدوش ہونے والے چینی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہا۔ چینی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو پاک چائنہ فرینڈشپ کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک چائنہ دوستی کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے جس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک چین دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مضبوط ستون ہے جس میں پیپلز پارٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ2008 سے 2013تک صدر آصف علی زرداری نے پاک چائنہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا اور 14سرکاری دورے کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چائنیز قونصل جنرل نے اٹک جیسے دور دراز علاقے میں ڈسپنسری کے قیام میں جو کردار ادا کیا اس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ چائنہ اور ریڈ کریسنٹ کے تعاون سے غریب لوگوں کے لیے ڈسپنسری آخری مراحل میں ہے جس کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل ژائو شریں نے کہا کہ پاکستان اور پنجاب کی عوام کا شکر گزار ہوں،بہت سی یادیں ساتھ لئے جا رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام اخوت اور محبت کے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں۔ ژائو شریں نے کہا کہ مستقبل میں بھی پاک چین تعاون ہر سطح پر جاری رہے گا ۔








