پاک چین دوستی کے 75 سال، پشاور میں چینی سفارتخانے اور پین سپورٹس کے زیر اہتمام پی ایس ایل میچ اسکریننگ، 500 سے زائد شہریوں کی شرکت
پاک چین دوستی کے 75 سال، پشاور میں چینی سفارتخانے اور پین سپورٹس کے زیر اہتمام پی ایس ایل میچ اسکریننگ، 500 سے زائد شہریوں کی شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان میں چین کے سفارت خانے کے تعاون اور پین سپورٹس کے اشتراک سے پشاور میں پاکستان سپر لیگ کے ایک اہم میچ کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہریوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ شہر کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہونے والی اس خصوصی تقریب میں 500 سے زائد افراد نے بڑی تعداد میں میچ دیکھا اور پاک چین دوستی کے اس منفرد انداز میں منائے جانے والے جشن کو بے حد سراہا۔تقریب کا مقصد کھیل کے ذریعے نوجوان نسل اور عوام کو پاک چین دوستی کے تاریخی رشتے سے مزید قریب لانا تھا۔

میچ کے آغاز سے قبل، ٹاس سے پہلے، اننگز بریک کے دوران اور میچ کے اختتام کے بعد بڑی اسکرین پر چین اور پاکستان کے درمیان تعاون پر مبنی خصوصی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ ان ویڈیوز میں خصوصاً چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ہونے والی ترقی، پاکستان میں انفراسٹرکچر، توانائی، روزگار اور معاشی استحکام میں چین کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے ان ویڈیوز کو انتہائی دلچسپی سے دیکھا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ہاتھ تھاما اور ترقی کے سفر میں ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر ساتھ دیا۔میچ اسکریننگ کے دوران شرکاء کی جانب سے چینی سفارت خانے کی ان کاوشوں کو بے حد سراہا گیا۔
حاضرین کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک میچ اسکریننگ نہیں بلکہ دو عظیم دوست ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے کی ایک خوبصورت کوشش ہے۔ ایک شہری نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پاکستان اور چین کی 75 سالہ لازوال دوستی ہمارے لیے باعث فخر ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ تعلق آنے والے برسوں میں مزید مضبوط، گہرا اور عوامی سطح پر مزید مستحکم ہوگا۔ ایک اور شہری نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں اور عام لوگوں کو نہ صرف چین کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرتی ہیں بلکہ چین کی غیر معمولی ترقی،
اس کے وژن اور پاکستان کے ساتھ اس کے مخلصانہ تعاون کو سمجھنے میں بھی مدد دیتی ہیں۔شرکاء نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی مزید تقریبات منعقد کی جانی چاہئیں تاکہ عوام خصوصاً نوجوان نسل کو پاک چین تعلقات، چین کی معاشی ترقی، تکنیکی عروج اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے پاکستان میں آنے والی مثبت تبدیلیوں کے بارے میں براہ راست آگاہی حاصل ہو سکے۔ پین سپورٹس اور چینی سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ یہ منفرد اسکریننگ پشاور میں پاک چین تعلقات کے 75 سالہ جشن کی ایک کامیاب اور یادگار سرگرمی ثابت ہوئی، جسے شہری حلقوں نے نہایت مثبت انداز میں سراہا۔








