پرتگال کے سرمایہ کار وفد کی ایف جی ای ایچ اے کے حکام سے ملاقات، ہاؤسنگ سیکٹر میں تعاون پر تبادلہ خیال
پرتگالی اعلیٰ سطحی سرمایہ کار وفد کی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینئر افسران سے ملاقات
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):پرتگال سے آئے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی سرمایہ کار وفد نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے ) کے سینئر افسران سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان کے ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری، باہمی تعاون، جدید رہائشی منصوبوں اور مشترکہ کاروباری مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے چیف انجینئر حسن شاہ، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر لائف سٹائل ریزیڈنسی تنویر حیدر کھوکھر سمیت دیگر سینئر افسران شریک ہوئے جبکہ پرتگالی وفد میں محمد سہیل (ڈائریکٹر کمرشل، OLAE)، جوز پاولو اولیویرا (صدر، OLAE)، کارلوس میڈیروس (سینئر انٹرنیشنل کنسلٹنٹ، OLAE) اور سوینی فرنینڈس اولیویرا (لیگل مینجمنٹ اٹارنی) شامل تھے۔ملاقات کے دوران اتھارٹی کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں، مستقبل کی حکمتِ عملی اور سرمایہ کاری کے امکانات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پروجیکٹ کوآرڈینیٹر تنویر حیدر کھوکھر نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ادارہ شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کے اصولوں پر کاربند ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہا ہے۔وفد کو خاص طور پر لائف اسٹائل ریزیڈنسی، اسکائی گارڈن اور G-13 فائیو اسٹار ہوٹل منصوبے کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔ بعد ازاں وفد نے G-13 فائیو اسٹار ہوٹل کے لیے مختص پلاٹ کا دورہ بھی کیا اور منصوبے میں سرمایہ کاری کے امکانات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔پرتگالی وفد نے ایف جی ای ایچ اے کی پیشہ وارانہ صلاحیت، ترقیاتی وژن اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر پیشرفت کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں دونوں جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ یہ ملاقات ہاؤسنگ اور سرمایہ کاری کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی









