پرتگال کی یونیورسٹی کیتھولیکا کے وفد نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال سے ملاقات کی
پرتگال کی یونیورسٹی کیتھولیکا کے وفد کا قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ، وائس چانسلر سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):پرتگال کی یونیورسٹی کیتھولیکا کے وفد نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں جامعات کے درمیان علمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تدریسی پروگرامز اور مشترکہ ڈگری پروگرامز کے آغاز کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے مجوزہ تعاون کو باضابطہ شکل دینے کے لئے مشترکہ تعاون کے فریم ورک کی تیاری پر بھی اتفاق کیا۔
وفد میں یونیورسٹی کیتھولیکا کی انٹرنیشنل آؤٹ ریچ کوآرڈینیٹر پروفیسر راکیل دا کوسٹا گاٹا اور انسٹی ٹیوٹ فار پولیٹیکل اسٹڈیز کی ڈائریکٹر و ایسوسی ایٹ پروفیسر مونیکا ڈیاس شامل تھیں۔ملاقات میں قائداعظم یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر شفیق الرحمن، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر سلمیٰ ملک اور لزبن میں پاکستانی سفارتخانے کے ہیڈ آف چانسری ملک عمیر خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر شرکاء نے دونوں اداروں کے درمیان تحقیقی شراکت داری، علمی روابط اور بین الاقوامی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔








