راولپنڈی۔15فروری (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں راؤنڈ میں او جی ڈی سی ایل نے کے آر ایل اور غنی گلاس نے دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل کو شکست دے دی۔ واپڈا اور ایشال ایسوسی ایٹس کا میچ ڈرا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے چار روزہ میچ میں او جی ڈی سی ایل نے کے آر ایل کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد 29 رنز سے فتح سمیٹی۔ کے آر ایل کی ٹیم 230 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عمران رفیق 56 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ۔ مشتاق کلہوڑو نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں غنی گلاس نے ایس این جی پی ایل کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔ میچ کے چوتھے اور آخری روز ایس این جی پی ایل کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 340 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ حسیب اللہ خان نے شاندار 94 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز میں سیف اللہ بنگش 62 اور یاسر شاہ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ میر حمزہ نے 4 اور رمیز جونیئر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں 165 رنز کی برتری کی بدولت غنی گلاس کو 176 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
شرجیل خان نے 57 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔ جنید علی نے 38 اور حماد بٹ نے 36 رنز اسکور کیے۔ یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ایشال ایسوسی ایٹس اور واپڈا کے مابین کھیلا گیا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ میچ کے آخری روز واپڈا نے اپنی دوسری اننگز 246 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ کپتان خالد عثمان نے 93 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ طاہر حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ایشال ایسوسی ایٹس کو جیت کے لیے 368 رنز کا ہدف ملا لیکن کھیل ختم ہونے پر وہ 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی۔ محمد سدیس 56 اور دانش عزیز 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔