پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے روز سلمان علی آغا نے ناقابل شکست ٹرپل سنچری سکور کی جبکہ محمد طحہ، محمد سلیمان، محمد فاروق اور عمران رفیق نے بھی سنچریاں سکور کیں

ریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے روز سلمان علی آغا نے ناقابل شکست ٹرپل سنچری سکور کی جبکہ محمد طحہ، محمد سلیمان، محمد فاروق اور عمران رفیق نے بھی سنچریاں سکور کیں

راولپنڈی۔13ستمبر (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے روز سلمان علی آغا نے ناقابل شکست ٹرپل سنچری سکور کی جبکہ محمد طحہ، محمد سلیمان، محمد فاروق اور عمران رفیق نے بھی سنچریاں سکور کیں۔ سلمان علی آغا اور محمد سلیمان کی 274 رنز کی شاندار شراکت کی بدولت کنگز مین نے پہلی اننگز سات وکٹوں کے نقصان پر 565 رنز پر ڈکلیئر کر دی، سلمان آغا 300 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جواب میں ایم آئی ٹی سلوشنز نے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا لیے۔ محمد فاروق 11 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 107 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ کے آر ایل نے غنی کے خلاف پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 547 رنز پر ڈکلیئر کی۔ کے آر ایل کی جانب سے عمران رفیق نے سنچری سکور کی، عاصم علی ناصر نے 87 اور شاہین شاہ آفریدی نے 47 رنز بنائے۔ جواب میں غنی کی ٹیم نے شرجیل خان اور حسیب اللہ کی نصف سنچریوں کی بدولت دن کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا لیے۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ میں پی ٹی وی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 400 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، محمد طحہ نے شاندار سنچری بنائی۔ جواب میں او جی ڈی سی ایل کی ٹیم مشکلات سے دوچار رہی اور کھیل کے اختتام تک اس نے 90 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں۔ پی ٹی وی کے حارث رؤف نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شعیب اختر سٹیڈیم، راولپنڈی میں سٹیٹ بینک کی ٹیم پہلی اننگز میں 158 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ مبشر خان نے ناقابل شکست 62 رنز بنائے۔ جواب میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا لیے۔