لاہور۔7فروری (اے پی پی):پشاور زلمی نے افغان کرکٹر رحمان اللہ گرباز کی حالیہ ڈائریکٹ سائننگ پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ اس وقت کیا گیا جب انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ اور افغانستان کرکٹ بورڈ دونوں کی جانب سے مکمل این او سی موصول ہو چکا تھا۔ انتخاب کے وقت وہ آفیشل لسٹ میں دستیاب بہترین آپشنز میں شامل تھے اور ان کی سائننگ مکمل طور پر …
پشاور زلمی نے افغان کرکٹر رحمان اللہ گرباز کی حالیہ ڈائریکٹ سائننگ پر وضاحت جاری کردی

مزید خبریں
لاہور۔7فروری (اے پی پی):پشاور زلمی نے افغان کرکٹر رحمان اللہ گرباز کی حالیہ ڈائریکٹ سائننگ پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ اس وقت کیا گیا جب انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ اور افغانستان کرکٹ بورڈ دونوں کی جانب سے مکمل این او سی موصول ہو چکا تھا۔ انتخاب کے وقت وہ آفیشل لسٹ میں دستیاب بہترین آپشنز میں شامل تھے اور ان کی سائننگ مکمل طور پر پاکستان سپر لیگ کے قواعد، پی سی بی کی ہدایات اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے مقررہ فریم ورک کے مطابق کی گئی۔
زلمی نے کہا کہ یہ فیصلہ خالصتا پیشہ ورانہ بنیادوں پر کیا گیا، اور اس میں میرٹ، ٹیم کی ضروریات اور ضابطہ کار کے علاوہ کسی بھی عنصر کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ فرنچائز نے اپنے شائقین کو یقین دلایا کہ وہ مستقبل میں بھی پی سی بی کی پالیسیوں اور فیصلوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرے گی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے معیار اور برانڈ کو عالمی سطح پر مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرتی رہے گی۔ جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ پشاور زلمی گزشتہ ایک دہائی سے پاکستان سپر لیگ کی نمایاں فرنچائزز میں شامل ہے اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی سب سے بڑی اور پرجوش فین بیس کی حمایت اس کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔
فرنچائز نے مشکل حالات میں عالمی معیار کے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے، ملک گیر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کے انعقاد اور کمیونٹیز کے لیے موثر سماجی منصوبے شروع کرنے جیسے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔پشاور زلمی نے اپنے شائقین کے اعتماد، حمایت اور غیر مشروط محبت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہی جذبہ فرنچائز کو مزید آگے بڑھنے اور نئی مثالیں قائم کرنے کی تحریک دیتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ڈائریکٹ سائننگ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔








