پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں پانچ روزہ پولیو مہم کےپہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا

135

پشاور۔ 27 نومبر (اے پی پی):پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں پولیو مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔

صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی)کے مطابق27نومبر سے شروع ہونے والے اس پانچ روزہ مہم کے پہلے مرحلے میں ضلع بنوں سمیت پشاور، مردان، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں پانچ سال تک کی عمر کے 66لاکھ18ہزار2سو54بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی)کے مطابق انسداد پولیو کی اس مہم کیلئے صوبہ بھر میں تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 31,392ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن میں 27,924 موبائل ٹیمیں، 1,958فکسڈ ٹیمیں 1,337 ٹرانزٹ ٹیمیں اور173رومنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،

اس کے علاوہ ا ن ٹیموں کی موثر نگرانی کیلئے 6,956ایریا انچارج بھی تعینات کئے گئے ہیں تاکہ ان علاقوں میں تمام بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جا سکیں،اس پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی موثر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تقریبا 53,500 پولیس اہلکاربھی تعینات کئے گئے ہیں۔صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی)کے مطابق دسمبر کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے والے انسداد پولیو کی اس مہم کے دوسرے مرحلے کے دوران جنوبی خیبر پختونخوا کے مخصوص اضلاع بشمول لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی وزیرستان، لوئر جنوبی وزیرستان اور اپر جنوبی وزیرستان میں پانچ سال تک کی عمر کے 7لاکھ18ہزار 244بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔