پشاور پولیس نے پیر کوبروقت کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے بھرتی کے جسمانی امتحان میں امیدوار کی جگہ دوسرے شخص کے شرکت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
پشاور پولیس کی بروقت کارروائی، ایف آئی اے بھرتی کے جسمانی امتحان میں امیدوار کی جگہ دوسرے شخص کے شرکت کرنے کی کوشش ناکام

مزید خبریں
پشاور۔ 08 جون (اے پی پی):پشاور پولیس نے پیر کوبروقت کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے بھرتی کے جسمانی امتحان میں امیدوار کی جگہ دوسرے شخص کے شرکت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق یونیورسٹی آف پشاور کے گراؤنڈ نمبر 2 میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)/ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن (این پی ایف) کے زیرِ اہتمام بھرتیوں کے سلسلے میں جسمانی امتحان منعقد کیا جا رہا تھا۔امتحان کے دوران پشاور پولیس کی جانب سے قائم ناکہ بندی اور سکیورٹی چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روک کر اس کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ابتدائی تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ امیدوار منصور احمد ولد گلستان، رول نمبر 2114000280، شناختی کارڈ نمبر 17102-6655198-5 کی جگہ ایک اور شخص محمد عادل ولد عبدالجلیل، شناختی کارڈ نمبر 17102-0402625-3 امتحان میں شرکت کی کوشش کر رہا تھا۔مزید تصدیق پر یہ بات ثابت ہوگئی کہ مذکورہ شخص نے امیدوار کی جگہ امتحان میں شریک ہو کر دھوکہ دہی اور جعل سازی کی کوشش کی۔ جس پر پشاور پولیس اور ڈیوٹی پر موجود عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ پشاور پولیس نے واضح کیا ہے کہ سرکاری بھرتیوں میں شفافیت کو یقینی بنانے اور جعل سازی کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔








