پشاور۔ 03 فروری (اے پی پی):کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 92 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے اور خصوصاً نوجوانوں نسل کو آئس کے نقصانات سے بچانے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیاہے،کامیاب کریک ڈاون دوسرے روز بھی جاری رہا۔تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں کریک ڈاون کے دوران دو دنوں میں اب تک کل 146مقدمات درج کرکے مجموعی طور پر 160ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ڈویژنل ایس پیز کی نگرانی میں ضلع بھر میں خصوصی کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں جس کے دوران جاری کردہ خصوصی لسٹ کے مطابق خطرناک نشہ آئس کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کو نشانہ بنایا گیا جن کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں۔
گرفتار ملزمان میں بین الصوبائی منشیات سمگلرز نیٹ ورکس سمیت دیگر مختلف اضلاع کو منشیات اور آئس سپلائی کرنے والے ملزمان بھی شامل ہیں ۔ جاری کریک ڈاون کے دوران دوسرے دن ہونے والی کارروائیوں میں 92 ملزمان کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر 54 کلو گرام آئس، 49 کلو گرام سے زائد چرس اور 18بوتل شراب برآمد کی گئی ہے۔
سی سی پی او پشاور قاسم علی خان اور ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد نے منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاون کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اس سلسلے میں ابتدائی دو دنوں کے دوران کیپٹل سٹی پولیس کی جانب سے مجموعی طور پر کل 146مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ کامیاب کریک ڈاون کے دوران دو دنوں میں مجموعی طور پر 160ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر87گلوگرام آئس، 71کلوگرام چرس، تین کلوگرام ہیروئن اور 18بوتل شراب بھی برآمد کرلی گئی ہے۔