پشاور ڈویژن میں زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

"زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی، عوام سے ناجائز کرایہ وصول کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔” — ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی

پشاور۔ 27 جون (اے پی پی):ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام نے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک اڈہ منشی اور چار ڈرائیورز کو جیل منتقل کر دیا۔

ہفتہ کو کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کمشنر پشاور ڈویژن/ چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاض خان محسود نے مختلف نیوز چینلز اور سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ان خبروں کا فوری نوٹس لیا جن میں بتایا گیا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود بعض ٹرانسپورٹرز عوام سے پرانے اور زائد کرایے وصول کر رہے ہیں۔کمشنر پشاور ڈویژن کی ہدایت پر پشاور ڈویژن کے پانچ اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز نے محکمہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 11 خصوصی چیکنگ ٹیمیں مختلف بس اڈوں اور شاہراہوں پر تعینات کر دی ہیں جو سرکاری کرایوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کےلیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ابتدائی کارروائی کے دوران چارسدہ اڈہ سے زائد کرایہ وصول کرنے پر ایک اڈہ منشی اور چار ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا جبکہ دیگر اضلاع میں بھی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے روٹ پرمٹ معطل کیے جا رہے ہیں اور ذمہ دار مالکان و ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے عوام کو فراہم کیے گئے ریلیف پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ ہفتہ وار تعطیل کے باوجود کرایہ چیکنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا۔ انہوں نے تمام ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد فوری طور پر سرکاری کرایوں پر عملدرآمد کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کےلیے تیار رہیں۔

مزید خبریں