فیصل آباد انڈسٹریل زون سے روزگار اور سرمایہ کاری کا نیا دور شروع ہوگا، دیہی عوام تک مفت علاج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ قیصرشیخ

"حکومت پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے مزید پرکشش، محفوظ اور کاروبار دوست ملک بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی اولین ترجیح دے رہی ہے۔” — قیصر احمد شیخ

فیصل آباد/چنیوٹ ۔ 27 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت ایک جانب پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے مزید پرکشش، محفوظ اور کاروبار دوست ملک بنانے کے لیے مؤثر اصلاحات پر عمل پیرا ہے تو دوسری جانب عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی قومی ترجیحات میں سرفہرست رکھا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے چنیوٹ کے نواحی گاؤں چک نمبر 134 لونے والا میں اسلامیہ ہسپتال چنیوٹ کے تعاون سے مقامی عمائدین کی جانب سے منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور عوامی فلاح ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، اسی لیے حکومت سرمایہ کاری، روزگار، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور عوامی خدمت کے منصوبوں کو بیک وقت آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل زون جیسے بڑے منصوبے نہ صرف ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافے کا ذریعہ بنیں گے بلکہ ہزاروں نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کے نئے دروازے بھی کھولیں گے جبکہ دیہی علاقوں میں تسلسل کے ساتھ فری میڈیکل کیمپس کے انعقاد سے معیاری طبی سہولیات عام آدمی کی پہنچ میں لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کے فروغ کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرا رہا ہے۔ غیر ضروری اجازت ناموں، پیچیدہ لائسنسنگ نظام اور انتظامی رکاوٹوں کو مرحلہ وار ختم کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو کاروبار شروع کرنے اور اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کریں اور صنعتی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی اور ٹیکس سے استثنیٰ سمیت نو برس تک انکم ٹیکس میں چھوٹ جیسی پرکشش مراعات فراہم کی ہیں جس کے مثبت نتائج مستقبل قریب میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان سہولتوں سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا، نئی فیکٹریاں قائم ہوں گی، برآمدات کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت کو نئی رفتار حاصل ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چنیوٹ کے قریب قائم فیصل آباد انڈسٹریل زون علاقائی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ اس منصوبے سے نہ صرف مقامی افراد کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں اور حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث سرمایہ کاری کے نئے امکانات روشن ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کے ثمرات صرف صنعت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ تجارت، ٹرانسپورٹ، تعمیرات اور دیگر شعبوں میں بھی مثبت معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں اختیار کی گئی معاشی پالیسیوں کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وطن میں سرمایہ کاری کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لیے خام مال پر ڈیوٹی میں کمی، ایکسپورٹرز کے لیے سپر ٹیکس کے خاتمے اور صنعت دوست اقدامات سے کاروباری برادری کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو اور قومی معیشت مزید مستحکم ہو۔ صحت کے شعبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ دیہی علاقوں کے عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کے اپنے علاقوں میں فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر تین سے چار ہفتوں کے بعد مختلف دیہات میں فری میڈیکل کیمپس منعقد کیے جا رہے ہیں جہاں ماہر ڈاکٹر مریضوں کا مفت معائنہ، تشخیص، ضروری طبی مشورے اور ادویات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن ممتاز ڈاکٹروں تک عام آدمی ہزاروں روپے فیس کی وجہ سے نہیں پہنچ سکتاوہ انہی کیمپس میں مستحق مریضوں کو بلا معاوضہ طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولیات تک آسان رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت اس حق کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔ قیصر احمد شیخ نے اسلامیہ ہسپتال چنیوٹ کے تعاون سے قائم فری میڈیکل کیمپ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس دور افتادہ علاقے میں چنیوٹ کے انتہائی قابل اور تجربہ کار ڈاکٹروں کو اکٹھا کیا گیا ہے جن میں معروف ماہر اطفال ڈاکٹر اخلاق بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ڈاکٹر جن سے وقت لینا بھی عام شہری کے لیے مشکل ہوتا ہے وہ آج یہاں غریب اور مستحق مریضوں کا مکمل طور پر مفت علاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ معاشرے کے صاحب حیثیت افراد اور فلاحی ادارے بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت صحت اور تعلیم سمیت تمام بنیادی شعبوں میں بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ دیہی علاقوں میں سڑکوں، مواصلاتی نظام اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر سے نہ صرف عوام کی آمدورفت آسان ہوئی ہے بلکہ صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات تک رسائی بھی پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کسی بھی خطے کی سماجی اور معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے چنیوٹ تا رجوعہ روڈ کی تعمیر کو خطے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شاہراہ پورے علاقے کی معاشی اور سماجی ترقی کی لائف لائن بن چکی ہے۔ اس منصوبے سے فیصل آباد اور چنیوٹ کے درمیان فاصلے کم ہوئے ہیں جبکہ مضافاتی دیہات کے لاکھوں رہائشیوں کو شہروں تک رسائی، کاروباری سرگرمیوں، تعلیمی اداروں اور طبی سہولیات سے استفادہ کرنے میں نمایاں سہولت حاصل ہوئی ہے۔ تعلیم کے شعبے میں اپنی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ اسی شاہراہ کے قریب فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کا قیام بھی اسی وژن کا حصہ ہے جہاں داخلے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر دئیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا اور اگر ان کے اپنے خاندان کا کوئی فرد بھی مطلوبہ میرٹ حاصل نہ کر سکے تو اسے بھی داخلہ نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط تعلیمی ادارے صرف شفاف میرٹ، اعلیٰ معیار اور مساوی مواقع کی بنیاد پر ہی قائم رہ سکتے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں سے ملاقات کی اور میڈیکل کیمپ میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے علاج کی غرض سے آنے والے شہریوں سے گفتگو بھی کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کیمپ میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف غریب اور مستحق افراد کے لیے ریلیف کا باعث بنتے ہیں بلکہ معاشرے میں خدمت خلق کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ اس سے قبل گاؤں آمد پر چیئرمین محمد علی نور، چوہدری حجاز لونا، چوہدری زبیر لونا، چوہدری محمد حسین لونا، اللہ دتہ، چوہدری محمد حسین اور بیرسٹر محمد منشا سمیت مقامی عمائدین نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا جبکہ اہل علاقہ نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد اور وفاقی وزیر کی جانب سے صحت، ترقی اور عوامی فلاح کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس نوعیت کی سرگرمیوں کے تسلسل کی امید کا اظہار کیا۔