انجمن انسدادِ منشیات اور کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے اشتراک سے آگاہی واک کا انعقاد

"انسدادِ منشیات کے عالمی دن کے موقع پر نوجوانوں میں منشیات کے مضر اثرات سے آگاہی اور منشیات سے پاک معاشرے کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔”

فیصل آباد 27 جون (اے پی پی):انسدادِ منشیات کے عالمی دن کے موقع پر انجمن انسدادِ منشیات اور کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے اشتراک سے منشیات کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہوئی جس کی قیادت ڈائریکٹر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پنجاب نے کی۔واک میں ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس نواز نت، معروف ماہرِ امراضِ نفسیات پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر، جنرل سیکرٹری انجمن انسدادِ منشیات آمنہ اکرم، انسپکٹر محمد شاہد رفیق جٹ، انسپکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فیصل علی، افضل جلندھری سمیت مختلف سرکاری اداروں کے نمائندوں، سماجی کارکنوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "ہمارا عہد، ہمارا خواب، منشیات سے پاک پنجاب” سمیت انسدادِ منشیات سے متعلق مختلف آگاہی نعرے درج تھے۔ شرکاء نے نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پنجاب نے کہا کہ منشیات کا زہر ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے، جس کے مؤثر سدباب کے لیے صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں ہی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور انہیں منشیات سے محفوظ رکھ کر ہی روشن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، تاہم اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے عوامی تعاون، والدین کی ذمہ داری، تعلیمی اداروں میں آگاہی اور سماجی تنظیموں کی فعال شمولیت ناگزیر ہے۔ دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسدادِ منشیات کے لیے آگاہی مہمات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے مکمل خاتمے، نوجوانوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور پنجاب کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ مقررین نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ منشیات فروش عناصر کی نشاندہی کریں اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے قومی مشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھرپور ساتھ دیں۔