ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل کی ہداہت پر زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا آغاز

"تحصیل کنگری کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔”

کوئٹہ۔ 27 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خان خجک کی خصوصی ہدایات پر تحصیل کنگری کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

متاثرین کو فوری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے، مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جہاں طبی ماہرین کی ٹیمیں متاثرین کو ادویات اور طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خان خجک نے پیغام میں کہا کہ مصیبت اور مشکل کی اس گھڑی میں ضلعی انتظامیہ اپنے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ متاثرین کی بحالی، طبی سہولیات کی فراہمی اور نقصانات کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے۔اس کے علاوہ کنگری کے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں الرٹ ہیں اور متاثرین کو بلا تعطل طبی امداد، خوراک اور خیمے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مزید برآں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ گھروں اور انفراسٹرکچر کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے متعلقہ عملے کو فیلڈ میں متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ شفاف انداز میں امداد کی تقسیم ممکن ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ بحالی کے عمل کی نگرانی کر رہی ہے اور متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔