"تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مال روڈ پر ٹریفک اور پیدل آمدورفت عارضی طور پر بند رہے گی، شہری زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں۔” — ڈی پی او مری
تجاوزات آپریشن: مال روڈ پر ٹریفک اور پیدل آمدورفت عارضی طور پر بند، متبادل راستے استعمال کریں، ڈی پی او مری

مزید خبریں
مری/راولپنڈی۔27جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا ہے کہ مال روڈ پر تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور روڈ کی بندش کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مال روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے بتایا کہ مال روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے گرینڈ آپریشن کے دوران مسماری کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس حساس کام کے دوران شہریوں اور سیاحوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے مال روڈ تک رسائی کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے مقامی شہریوں اور خاص طور پر مری آنے والے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مال روڈ کی طرف غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور مال روڈ پر جاری آپریشن کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ متبادل راستے استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور اس اہم مہم کے دوران ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ آپریشن کو بحسن و خوبی سرانجام دیا جا سکے۔








