پشتون کلچر ڈے امن، محبت، رواداری اور ثقافتی ورثے کا خوبصورت اظہار ہے، سابق صوبائی وزیر بشری رند

سابق صوبائی وزیر بشری رند نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پشتون عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون ثقافت اپنی شاندار روایات، مہمان نوازی، بہادری، احترام اور بھائی چارے کے حوالے سے منفرد شناخت رکھتی ہے

کوئٹہ۔ 23 ستمبر (اے پی پی):سابق صوبائی وزیر بشری رند نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پشتون عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون ثقافت اپنی شاندار روایات، مہمان نوازی، بہادری، احترام اور بھائی چارے کے حوالے سے منفرد شناخت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتون کلچر ڈے نہ صرف اپنی ثقافت، زبان، روایات اور تاریخی ورثے سے وابستگی کا دن ہے بلکہ یہ نئی نسل کو اپنی تہذیبی اقدار سے روشناس کرانے کا بھی اہم موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان مختلف ثقافتوں، زبانوں اور روایات کا خوبصورت گلدستہ ہے اور صوبے کی ثقافتی رنگا رنگی ہماری مشترکہ طاقت اور پہچان ہے۔ ایک دوسرے کی ثقافت اور روایات کا احترام باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مزید مضبوط بناتا ہے۔بشری رند نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے صوبے میں بسنے والی تمام اقوام کے درمیان اتحاد، احترام، رواداری اور باہمی تعاون کا فروغ انتہائی اہم ہے۔سابق صوبائی وزیر نے پشتون نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ثقافتی اقدار اور مثبت روایات کو محفوظ رکھتے ہوئے تعلیم، ہنر اور سماجی ترقی کے میدان میں بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں امن، بھائی چارے، قومی یکجہتی اور باہمی احترام کے فروغ کا ذریعہ بنے۔