پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز میں شرکت کیلئے ٹیموں اور کھلاڑیوں کی لاہور آمد شروع ہوگئی،ترجمان

سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز کے لئے پنجاب کے مختلف ڈویژنز سے ٹیموں اور کھلاڑیوں کی صوبائی دارالحکومت لاہور آمد شروع ہوگئی ہے

لاہور۔23ستمبر (اے پی پی):سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز کے لئے پنجاب کے مختلف ڈویژنز سے ٹیموں اور کھلاڑیوں کی صوبائی دارالحکومت لاہور آمد شروع ہوگئی ہے۔ ترجمان سپورٹس بورڈ پنجاب کے مطابق پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز کے مقابلے 24 سے 28 ستمبر تک نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوں گے،پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز میں پنجاب کے تمام ڈویژنز کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جبکہ تائی چی کے مقابلوں میں پاکستان کے تمام صوبوں کی ٹیمیں بھی شرکت کررہی ہیں،، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں کھلاڑی ٹیبل ٹینس، ووشو، تائی چی، جمناسٹک، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، فٹ بال، ٹینس، والی بال اور ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز میں پنجاب کے تمام ڈویژنز سے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، جس میں تقریبا 2000 کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے، پنجاب بھر سے ٹیموں کی لاہور آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے، ڈی جی سپورٹس نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز کو کامیاب بنانے کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، پنجاب کے تمام ڈویژنز سے آنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں کے لئے بہترین سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔