پمزکے شعبہ کان، ناک و گلا (ای این ٹی) نے شدید سماعت سے محروم پانچ بچوں کے کوکلیئر امپلانٹ کے آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیے
پمزکے شعبہ کان، ناک و گلا (ای این ٹی) نے شدید سماعت سے محروم پانچ بچوں کے کوکلیئر امپلانٹ کے آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیے

مزید خبریں
اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے شعبہ کان، ناک و گلا (ای این ٹی) نے شدید سماعت سے محروم پانچ بچوں کے کوکلیئر امپلانٹ کے آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیے۔ یہ تمام آپریشنز مستحق بچوں کے لیے مکمل طور پر مفت کیے گئےجن کے اخراجات آئی ایم آر اے کی مالی معاونت اور تعاون سے برداشت کیے گئے۔
پمز کے شعبہ ای این ٹی کے مطابق کوکلیئر امپلانٹ کے ذریعے شدید سماعت سے محروم بچوں کو سننے، بولنے کی صلاحیت پیدا کرنے اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔شعبہ ای این ٹی کے پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر جواد فیصل نے پانچوں آپریشنز کی کامیاب تکمیل پر تمام متعلقہ شعبہ جات کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پمز میں کوکلیئر امپلانٹ کی سہولیات کو مزید جاری اور وسعت دی جائے گی، بالخصوص ایسے بچوں کے لیے جن کے خاندان اس مہنگے علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
انہوں نے اینستھیزیا ڈیپارٹمنٹ کی پروفیسر ڈاکٹر ناہید فاطمہ، ڈاکٹر یاسمین آفریدی اور ڈاکٹر عبداللہ کی پیشہ ورانہ معاونت کو سراہا، جبکہ شعبہ اطفال کے سربراہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر خرم عارف اور ان کی ٹیم کے تعاون اور سہولت کاری پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
پمز انتظامیہ کے مطابق کوکلیئر امپلانٹ کی یہ سہولت سماعت سے محروم بچوں کے لیے ایک اہم طبی پیش رفت ہے، جس سے انہیں معمول کی زندگی کی جانب واپس آنے اور مستقبل میں بہتر تعلیمی و سماجی مواقع حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔







