پمز کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے عہد ے کا چارج سنبھال لیا، اصلاحی اقدامات کا اعلان

پمز کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے عہد ے کا چارج سنبھال لیا، اصلاحی اقدامات کا اعلان

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے نو تعینات ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے اتوار کو اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور کہا ہے کہ انکوائری کمیٹی کی جانب سے نشاندہی کردہ خامیوں اور کمزوریوں کے ازالے کے لیے فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ہسپتال میں مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ عہدہ سنبھالتے ہی ڈاکٹر محمد سلمان نے مختلف شعبہ جات کے سربراہان کا اجلاس طلب کیاجس میں پمز انتظامیہ کے افسران اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ہسپتال کے مجموعی انتظامی و طبی امور، سروس ڈلیوری، مریضوں کی سہولیات اور ان کے تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے بعد نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں دستیاب طبی سہولیات، انتظامی امور اور آپریشنل انتظامات کا جائزہ لیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد سلمان نے کہا کہ انکوائری کمیٹی کی جانب سے سامنے آنے والے تمام مسائل اور خامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہوگا اور ہسپتال کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے قلیل مدتی اصلاحی اقدامات فوری طور پر نافذ کیے جائیں گے تاکہ حالیہ افسوسناک واقعہ جیسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم نظام کو بہتر بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے قلیل مدتی اصلاحی اقدامات کریں گے کہ ایسےواقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے کہا کہ مختلف شعبہ جات کے درمیان رابطہ کاری کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور حفاظتی انتظامات کو بھی مزید مضبوط کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پمز کو مریضوں کے غیرمعمولی دباؤ کا سامنا ہےاس لیے وزارت سے رجوع کرکے ریفرل سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ مریضوں کو دیگر موزوں طبی مراکز میں علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے اور پمز پر مریضوں کا دباؤ کم ہو۔ڈاکٹر محمد سلمان نے کہا کہ ملک کے ایک بڑے سرکاری ہسپتال کی حیثیت سے پمز میں مجموعی انتظامی نظام، کام کے ماحول اور طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں