پناہ گزینوں کا عالمی دن ، رابطہ عالم اسلامی کا دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے مسائل کو حل کرنے اور ان کی ہر ممکن امداد کے لیے مستقل عزم کا اعادہ

رابطہ عالم اسلامی (ورلڈ مسلم لیگ) نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں پناہ گزینوں اور اپنے گھر بار سے محروم ہونے والے افراد کے مسائل کو حل کرنے اور ان کی ہر ممکن امداد کے لیے مستقل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

مکہ مکرمہ۔24جون (اے پی پی):رابطہ عالم اسلامی (ورلڈ مسلم لیگ) نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں پناہ گزینوں اور اپنے گھر بار سے محروم ہونے والے افراد کے مسائل کو حل کرنے اور ان کی ہر ممکن امداد کے لیے مستقل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ رابطہ عالم اسلامی سے جاری بیان کے مطابق تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کے مسائل کو ان اسلامی اقدار کی روشنی میں دیکھتی ہے جو انسانی وقار کو بلند کرنے، ضرورت مندوں کی داد رسی کرنے اور معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو تحفظ فراہم کرنے پر زور دیتی ہیں۔ ان کا مقصد پناہ گزینوں کو باوقار زندگی، امن اور استحکام کے بنیادی حق کو دنیا بھر میں فروغ دینا ہے۔رابطہ عالم اسلامی اس وقت بین الاقوامی تنظیموں اور مختلف ممالک کی حکومتوں کے ساتھ مل کر دنیا بھر کے متعدد ممالک میں پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کی مدد کے لیے اپنی انسانی ہمدردی کی ذمہ داریاں فعال انداز میں نبھا رہی ہے۔

اس شراکت داری کے تحت متاثرہ خاندانوں کو محفوظ پناہ گاہیں، معیاری تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ بچوں کے تحفظ اور خاندانوں کو معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ تمام فلاحی سرگرمیاں متعلقہ ممالک کی حکومتوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور ان کی براہِ راست نگرانی میں سرانجام دی جا رہی ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ پناہ گزینوں کو نئے ماحول میں ڈھالنے کے لیے معاشرتی انضمام کے پروگرام اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے استعداد کار بڑھانے کے مختلف منصوبے بھی نافذ کیے جا رہے ہیں۔ رابطہ عالم اسلامی کا موقف ہے کہ ان تمام کاوشوں کا بنیادی مقصد پناہ گزینوں کی تکالیف اور مصائب کو کم کرنا، ان میں جینے کی ایک نئی امید پیدا کرنا اور ان کی زندگیوں کی ازسرنو تعمیر میں مدد کرنا ہے تاکہ وہ اپنے نئے معاشروں میں بوجھ بننے کے بجائے ایک متحرک، فعال اور مثبت شہری بن کر ابھر سکیں۔

مزید خبریں