پنجاب اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

105
Punjab Assembly
Punjab Assembly

لاہور۔23فروری (اے پی پی):عام انتخابات 2024 کے نتیجے میں بننے والی پنجاب اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے بطور قانون ساز حلف اٹھا لیا،اسپیکر سبطین خان نے ارکان اسمبلی سے حلف لیا،مسلم لیگ (ن) کی نامزد وزیراعلی مریم نواز شریف حلف اٹھانے کے لیے اسمبلی ہال پہنچیں تو اراکین نے شیر شیر کے نعرے لگائے،اجلاس میں سنی اتحاد کونسل اور (ن) لیگ کے ارکان میں معمولی تلخ کلامی بھی ہوئی۔پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس صبح10 بجے طلب کیا گیا تھا جو 2 گھنٹے کی تاخیر سے اسپیکر سبطین خان کی صدارت میں شروع ہوا۔مسلم لیگ (ن) کی نامزد وزیراعلی مریم نواز حلف اٹھانے کے لیے اسمبلی ہال پہنچیں تو اراکین نے شیر شیر کے نعرے لگائے جب کہ لیگی ارکان نواز شریف کی تصاویر لے کر ایوان پہنچے۔

ایوان میں آمد پر میڈیا کے سوالوں کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ اللہ کرے پنجاب میں خدمت کا ایک نیا دور شروع ہو۔مسلم لیگ (ن) کے 215 کے قریب اور سنی اتحاد کونسل کے 98 ارکان ایوان میں موجود تھے۔(ن) لیگی ارکان نے اسپیکر سے حلف لینے کی استدعا کی،اس دوران سنی اتحاد کونسل کے وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے نامزد امیدوار اسلم اقبال اسمبلی نہ پہنچ سکے تاہم اسپیکر نے بغیر حلف لیے اجلاس میں 45 منٹ کا وقفہ کردیا اور کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے نامزد وزیراعلی اسلم اقبال کے پروڈکشن آرڈر جاری کر رہا ہوں۔

اکثریتی ارکان کو اسپیکر کے دائیں جانب کی نشستیں الاٹ کی گئیں ۔نماز جمعہ کے وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا جس میں اسپیکر سبطین خان نے نو منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔حلف کے بعد ارکان نے ایک دوسرے کو مبارک بادیں دیں۔حلف اٹھانے کے بعد ارکان اسمبلی نے گولڈن بک پر دستخط بھی کئے۔پنجاب اسمبلی کے313 سے زائد ارکان نے حلف اٹھایا جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے 215 اراکین اسمبلی اورسنی اتحاد کونسل کے 98 ارکان شامل تھے۔حلف لینے والوں میں نامزد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور مریم اورنگزیب بھی شامل تھیں۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل (ہفتہ) سہ پہر 4 بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔